السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اکثر احناف بڑے فخر سے اس امر کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کہ حضرت پیران پیر سید محی الدین رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ عبد القاد ر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا مذہب ابتداء میں حنبلی تھا ازاں بعد انہوں نے مذہب حنبلی سے مذہب حنفی کی طرف رجوع کی اور آخر عمر تک اسی مذہب پر قائم رہے۔ اور بس۔ اور حضرت امام مہدی بھی آخر الذمان بھی مذہب حنفیہ ہی کے قائل ہوں گے۔ پس احناف کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔ یا سچا اور دونوں بزرگوار کس طریق پر عمل کرتے تھے اور کریں گے۔ ؟ (عبد الروف از کارنجہ برار)
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
حضرت ممدوح کی نسبت گو بعض لوگ حنبلی مذہب کادعویٰ کرتے ہیں۔ مگر حنفی کاتو کوئی بھی مد عی نہیں اور نہ ہوسکتا ہے۔ کیونکہ حضرت پیر کی تصنیفات میں حنفی مذہب کے خلاف بہت سی باتیں پائی جاتی ہیں۔ رہا اما م مہدی کا حنفی ہونا سو جب وہ آئیں گے دیکھاجائے گا۔ سردست تو اتنا ہم کہہ سکتے ہیں۔ کہ جس حالت میں حنفیوں کا اپنا مسلمہ اصول ہے کہ مجتہد دوسرے مجتہد کامقلد نہیں ہوسکتا۔ تو امام مہدی کیا کسی مجتہد سے بھی ہوں گے۔ ؟ مولانا عبدالئی صاحب لکھنوی مرحوم نے بھی ان خیالات کی تردید کی ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب