سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(781) مجھے اندھیرے میں بہت خوف آتا ہے

  • 5319
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 2193

سوال

(781) مجھے اندھیرے میں بہت خوف آتا ہے

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

(۱)  مجھے اندھیرے میں بہت خوف آتا ہے رات کو جہاں بھی اندھیرا ہو گا کمرے میں بازار میں مسجد میں وغیرہ میں وہاں سے خوف محسوس کرتا ہوں لیکن مجھے کوئی چیز نظر بھی نہیں آتی ۔ میری عمر تقریباً ۲۴ سال ہے ۔ ایک جامع مسجد اہل حدیث میں جمعہ پڑھاتا ہوں ۔ صبح شام پچاس بچوں کو قرآن مجید پڑھاتا ہوں ۔ پانچ وقت نماز پڑھتا ہوں اپنی بساط کے مطابق گناہوں سے پرہیز کرتا ہوں ۔ میں نے یہ مسئلہ آج سے پہلے کسی کو نہیں سنایا ۔ شرم کے مارے کسی کو نہیں بتایا کہ لوگ کہیں گے کہ اتنے بڑے ہو کر بھی ڈرپوک ہے۔ براہ کرم جلد از جلد اس مسئلہ کا کوئی روحانی ، جسمانی علاج بتائیں ۔ ویسے میں صبح شام کے وظیفے بھی کرتا ہوں لیکن کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ پہلے یہ اندازہ لگائیں کہ یہ ڈر کیوں آتا ہے اور اس کا تدارک کیسے کیا جائے؟

(۲) مجھے پانی سے بھی ڈر لگتا ہے میں نہر ، تالاب ، کنواں یا گلاس میں پانی پیتے وقت پانی کو نہیں دیکھتا ، کیونکہ رات کو خواب میں پانی میں ہر چیز جب الٹی نظر آتی ہے تو اس طرح معلوم ہوتا ہے جیسے پوری دنیا الٹ ہو گئی ہے تو شدید چکر آتے ہیں ۔ براہ کرم اس کی وجہ بتائیں اور علاج بھی ۔

(۳) کیا جن انسانوں کو تنگ کر سکتے ہیں شریعت اسلامیہ اس بارے میں کیا حکم دیتی ہے عام لوگ کہتے ہیں کہ فلاں عورت یا آدمی پر جن کا سایہ ہے ۔ پھر لوگ مشرک اور بدعتی لوگوں کے پاس جا کر عجیب طریقوں سے جن نکالتے ہیں ۔ قرآن وحدیث کی رو سے واضح فرمائیں کہ ان مسائل کے بارے میں قرآن وحدیث کیا حکم دیتے ہیں ؟25/9/97


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

(۱)  دل میں پختہ یقین بنائیں کہ اندھیرا ہو خواہ اجالا اللہ تبارک وتعالیٰ کے علاوہ کوئی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا الا کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت ہو رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کا فرمان ہے 1کہ تمام انسان ، تمام جن ، تمام پہلے اور تمام پچھلے تجھے نفع یا نقصان پہنچانے پر جمع ہو جائیں تو بھی اللہ تعالیٰ کی مشیت کے بغیر تجھے کوئی نفع یا نقصان نہیں پہنچا سکیں گے ہو سکے تو اس موضوع پر کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا الا کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی مشیت ہو قرآن مجید کی آیات اور رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کی احادیث کی روشنی میں دو چار جمعے پڑھائیں ان شاء اللہ تعالیٰ آہستہ آہستہ آپ کا یہ ڈر ختم ہونا شروع ہو جائے گا پھر اس عقیدہ ویقین کو ہمیشہ اپنے دل ودماغ میں تازہ رکھیں اور تعوذ و لاحول پڑھتے ہوئے اندھیرے میں اکیلے آنے جانے کی مشق کریں ان شاء اللہ العزیز تھوڑی ہی دیر میں آپ کا یہ خوف جاتا رہے گا ۔

نیز بھونے ہوئے چنے سیاہ ، اخروٹ ، پستہ اور بادام کثرت سے استعمال کریں ہو سکے تو بادام چنے اور سونگی ملا کر صبح ناشتہ کر لیا کریں اور کھانا جب اچھی طرح بھوک لگ جائے تو پھر کھایا کریں اور ابھی تھوڑی سی بھوک باقی ہو تو کھانا چھوڑ دیا کریں الغرض پُرخوری سے پرہیز کریں اور رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کی حدیث پیٹ کے تیسرے حصہ میں کھانا تیسرے حصہ میں پانی اور تیسرا حصہ سانس کے لیے رہنے دیا کریں ۔

(۲) اپنے والدین یا کسی بڑے رشتہ دار سے پوچھیں آپ کو کبھی کسی کتے نے تو نہیں کاٹا اگر کتے نے کاٹا ہو تو سرکاری ہسپتالوں میں اس کے ٹیکے لگائے جاتے ہیں وہ ٹیکے لگوا لیں اور اگر ایسی صورت نہیں تو سوتے وقت آخری تین قل پڑھ کر دونوں ہاتھوں کو ملا کر ان پر پھونک لگائیں پھر منہ سر اور سارے بدن پر وہ پھیر لیا کریں اور سوتے وقت کی دعائیں پڑھ کر سویا کریں نیز سونے سے قبل سورہ ملک اور سورہ سجدہ پڑھا کریں اور صبح {لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اﷲُ وَحْدَہُ لاَ شَرِیْکَ لَہُ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر}2 کم از کم سو دفعہ ضرور پڑھا کریں ان شاء اللہ العزیز آپ کی یہ ڈر والی کیفیت ختم ہو جائے گی ۔

(۳)  کتاب وسنت سے جنوں کا انسانوں کو نفع یا نقصان پہنچانا ثابت ہے جیسا کہ انسانوں کا انسانوں کو نفع یا نقصان پہنچانا ثابت ہے مگر جیسا کہ پہلے عرض کر آیا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت کے بغیر کوئی کسی کو کوئی نفع یا نقصان نہیں پہنچا سکتا {وَمَا ہُمْ بِضَآرِّیْنَ بِہِ مِنْ اَحَدٍ إِلاَّ بِإِذْنِ اﷲِ} 3جنوں کی شر سے بچنے کے لیے ہمیشہ اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا کرتا رہے اللہ کی پناہ میں آنے کی دعا کرے ’’بِسْمِ اﷲِ الَّذِیْ لاَ یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْئٌ فِی الْاَرْضِ وَلاَ فِی

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 [ترمذی۔ ابواب صفۃ القیامۃ۔ حدیث ۲۵۱۶]2 [بخاری۔کتاب الدعوات۔ باب فضل التھلیل]3[البقرۃ ۱۰۲ پ۱]

السَّمَائِ وَہُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ‘‘ [اس اللہ کے نام کے ساتھ جس کے نام کی برکت سے کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی زمین کو ہو یا آسمانوں کی اور وہ خوب سننے والا خوب جاننے والا ہے۔]جو شخص یہ دعا صبح اور شام تین تین مرتبہ پڑھے گا اس کو کوئی چیز تکلیف نہیں دے گی۔ 1کثرت سے پڑھتا رہے ہر نماز کے بعد آخری تین قل پڑھے سورہ بقرہ بالخصوص آیۃ الکرسی کا اکثر ورد رکھے ان شاء اللہ سبحانہ وتعالیٰ جنوں وغیرہم کی شر سے محفوظ ومصون رہے گا ۔واللہ اعلم   ۲۸/۵/۱۴۱۸ہـ

1 [ترمذی۔ابواب الدعوات۔ باب ما جاء فی الدعاء اذا اصبح واذا اَمْسٰی]

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 01 ص 499

محدث فتویٰ

تبصرے