سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

کیا مچھر کے خون چوسنے سے وضو ٹوٹ جائے گا؟

  • 5465
  • تاریخ اشاعت : 2024-12-11
  • مشاہدات : 28

سوال

اگر کسی کے جسم پر بہت سارے مچھر بیٹھ کر خون چوس لیں، اور اس خون کی مقدار بہتے ہوئے خون کو پہنچ جائے، تو كيا وضو ٹوٹ جائے گا؟

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

جن چیزوں سے وضو ٹوٹ جاتا ہےوہ درج ذیل ہیں:

1-  پیشاب یا پاخانہ کرنا یاہوا کا خارج ہونا۔

ارشاد باری تعالی ہے:

أَوْ جَاءَ أَحَدٌ مِنْكُمْ مِنَ الْغَائِطِ (المائدة: 6)

یا تم میں سے کوئی قضائے حاجت سے آیا ہو۔

2- مادہ منویہ ، ودی  یامذی کا نکلنا

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیا ن کرتے ہیں کہ منی سے غسل کیا جائے گا، ودی اور مذی نکلننے سے اپنی شرمگاہ کو دھو  لو اور نماز کی طرح وضو کرو۔ (السنن الکبری للبیہقی: 800) 

3- ایسی نیند جس سے انسان میں شعور چلا جائے (صحیح الجامع: 4148)

4- نشے کی وجہ سےعقل کے زائل ہونے سے ، بے ہوشی سے، پاگل ہوجانےسے بالاجماع وضو ٹوٹ جائےگا، کیونکہ یہ تمام امور نیندسے بڑھ کر ہیں۔ (دیکھیں: الاوسط از  ابن المنذر، جلد نمبر: 1، صفحہ نمبر 155)

5- کپڑوں کے بغیر شرمگاہ کوچھونےسے وضو ٹوٹ جاتا ہے(چاہے شہوت کے ساتھ چھویا جائے یا بغیرشہوت کے)

بسرہ بنت صفوان ؓ نے بتایا، وہ کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ ﷺ فرماتے تھے: جو کوئی اپنے ذکر کو ہاتھ لگائے اسے چاہیے کہ وضو کرے۔ (سنن ابی داود، كتاب الطهارة: 181) (صحیح)

6- اونٹ کاگوشت کھانا

 حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کیا کہ ایک آدمی نے رسول اللہﷺ سے پوچھا: کیا میں بکری کے گوشت سے وضو کروں؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’چاہو تو وضو کر لو اور چاہو تو نہ کرو۔‘‘ اس نے کہا: اونٹ کے گوشت سے وضو کروں؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’ہاں، اونٹ کے گوشت سے وضو کرو۔‘‘ اس نے کہا: کیا بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لوں؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’ہاں۔‘‘ اس نے کہا: اونٹوں کے بٹھانے کی جگہ میں نماز پڑھ لوں؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’نہیں۔‘‘ (صحیح مسلم، کتاب الحیض: 360)

 

قرآن وسنت میں مندرجہ بالاامور سے وضو ٹوٹنے کا ذکر ہے، اس لیے مچھر کے خون چوسنے سے وضو نہیں ٹوٹے گا۔

والله أعلم بالصواب.

محدث فتویٰ کمیٹی

تبصرے