الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اللہ تعالی نےسونا پہننا مردوں پرحرام کیا ہے جیسا کہ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ریشم اپنے دائیں ہاتھ اور سونا اپنے بائیں ہاتھ میں پکڑا، پھرفرمایا:
إنَّ هذينِ حَرَامٌ على ذُكُورِ أُمَّتي ( سنن أبي داو، اللباس: 4057 سنن نسائي، الزينة: 5144)
بلاشبہ یہ دونوں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں۔
البتہ چاندی کی انگوٹھی پہننا جائزہےلیکن انگوٹھی میں چاندی کی مقداراتنی زیادہ نہ ہوکہ وہ اسراف کے زمرے میں جائے ۔
سيدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی وہ انگوٹھی آپ کے ہاتھ میں تا وفات رہی۔ آپ كے بعد سيدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں، پھر سيدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں رہتی تھی،حتیٰ کہ وہ اریس کے کنویں میں گر گئی۔ اس پر "محمد رسول اللہ'' کندہ تھا۔ (صحيح البخاري، اللباس: 5873)
01. چاندی کی چین یا کنگن وغیرہ پہننا مردوں کے لیے حرام ہےکیونکہ اس سے عورتوں کی مشابہت لازم آتی ہے اورعورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والے مردوں پر لعنت کی گئی ہےسيدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بيان كرتے ہیں:
لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ المُتَشَبِّهِينَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَاءِ، وَالمُتَشَبِّهَاتِ مِنَ النِّسَاءِ بِالرِّجَالِ (صحيح البخاري، اللباس: 5885)
رسول اللہ ﷺ نے”ان مردوں پر لعنت کی ہے جو عورتوں کی چال ڈھال اختیار کریں اور ان عورتوں پر بھی لعنت کی ہے جو مردوں کی مشا بہت کرتی ہیں۔“
والله أعلم بالصواب.
محدث فتوی کمیٹی
01. فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
02. فضیلۃ الشیخ عبد الخالق حفظہ اللہ