الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
تجدید نکاح ،پہلے نکاح کے فسخ ہو جانے پر دوبارہ نکاح کرنے کو کہتے ہیں۔اور یہ ا س وقت ہوتا ہے جب عورت کو ایک طلاق رجعی دے کر چھوڑ دیا گیا ہو، اور رجوع کئے بغیراس کی عدت گزر جائے، یا خلع کی شکل میں عورت نے اپنا نکاح عدالت سے منسوخ کر وا لیا ہو۔ اب باہمی رضا مندی سے وہ دونوں دوبارہ نکاح کر سکتے ہیں۔ چھپ کر نکاح کرنا شریعت اسلامی میں حرام ہے۔ نکاح کے لئے ولی اور دو گواہوں کا ہونا ضروری ہے۔حدیث نبویﷺ ہے: ’’لا نكاح إلا بوليّ وشاهدين ‘‘( حديث صحيح بشواهده : إرواء الغليل رقم 1858) ولی اور دو گواہوں کے بغیر نکاح نہیں ہے۔ سوال کے مطابق اگر کسی نے ایسا ناپسندیدہ عمل کیا ہے تو اس نے حرام کا ارتکاب کیا ہے۔ لہذااسے اللہ سے معافی مانگنی چاہیے اور اپنے گناہوں سے توبہ کرنی چاہیے۔ ہاں البتہ اس کا دوسرا نکاح درست ہوگا، جو ولی اور گواہوں کی موجودگی میں دھوم دھام سے کیا گیا ہے، کیونکہ پہلا نکاح شرائط کی عدم موجودگی میں واقع ہی نہیں ہوا تھا۔ ھذا ما عندی واللہ أعلم بالصواب
فتویٰ کمیٹی
محدث فتویٰ