اگر کوئی شخص ذبح کرے جو تارک نماز ہو تو کیا نمازی کیلئے اس ذبیحہ کو کھانا جائز ہے؟
نماز ارکان خمسہ میں سے شہادتین کے بعد سب سے بڑا رکن ہے‘ جو اس کے وجوب کا انکار کرتے ہوئے ترک کرے تو اس پر تمام مسلمانوں کا اجماع ہے کہ وہ کافر ہے اور جو شخص محض سستی و کوتاہی کی وجہ سے اسے ترک کرے تو وہ بھی علماء کے صحیح قول کی روشنی میں کافر ہے اور اس سلسلہ میں دلیل وہ حدیث ہے جو صحیح مسلم میں ہے کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:
’’بندے اور شرک و کفر کے درمیان فرق ترک نماز سے ہے‘‘۔
امام احمدؒ نے ’’مسند‘‘ میں اور اہل سنن نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا:
’’ہمارے اور ان کے درمیان جو عہد ہے وہ نماز ہے‘ جو اسے ترک کر دے تو اس نے کفر کیا‘‘۔
لہٰذا جس شخص کے بارے میں آپ نے سوال کیا ہے کہ اگر وہ جوب نماز کے انکار کی وجہ سے تارک ہے تو اس کا ذبیحہ بالاجماع نہیں کھایا جا سکتا اور اگر وہ محض سستی اور کوتاہی کی وجہ سے تارک نماز ہے تو ظاہر قول کے مطابق وہ کافر ہی ہے‘ لہٰذا سے کھانا جائز نہیں جسے اس نے خود اپنے ہاتھ سے ذبح کیا ہو کیونکہ و ہ مرتد ہے اور مرتد کا ذبیحہ نہیں کھایا جا سکتا جیسا کہ علماء کرامؒ نے صراحت فرمائی ہے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب