تمباکو نوشی اور بجو کھانے کے بارے میں کیا حکم ہے؟
تمباکو نوشی حرام ہے کیونکہ یہ خبیث ہے‘ پاکیزہ اور عقل سلیم والے نفوس (لوگ) اسے گندا سمجھتے ہیں اور ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’وہ لوگ جو (محمد) رسول (اللہ) کی جو نبی امی ہیں‘ پیروی کرتے ہیں جن (کے اوصاف) کو وہ اپنے ہاں تورات و انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں۔ وہ انہیں نیک کام کا حکم دیتے ہیں اور برے کام سے روکتے ہیں اور پاک چیزوں کو ان کیلئے حلال کرتے ہیں اور ناپاک چیزوں کو ان پر حرام ٹھہراتے ہیں‘‘۔
نیز ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’تم سے پوچھتے ہیں کہ کون کون سی چیزیں ان کیلئے حلال ہیں (ان سے) کہہ دو کہس ب پاکیزہ چیزیں تمہارے لئے حلال ہیں‘‘۔
نیز اس لیے بھی یہ حرام ہے کیونکہ یہ مفتر (عقل میں فتور پیدا کرنے والی) ہے اور رسول اللہﷺ نے ہر نشہ آور اور مستی پیدا کرنے والی چیز کے استعمال سے منع فرمایا ہے۔ یہ روایت امام احمد اور ابو دائودؒ نے حضرت ام سلمہؓ کی سند سے بیان کی ہے۔ یہ بات بھی پایہ ثبوت کو پہنچ گئی ہے کہ طبی طور پر صحت کیلئے اس کا استعمال بے حد نقصان دہ ہے اور یہ قاعدہ سب جانتے ہیں کہ جس چیز کا ضرر ثابت ہو اس کا شرعاً استعمال حرام ہوتا ہے لہٰذا ان حالات میں تمباکو نوشی پر مال خرچ کرنا اضاعت مال شمار ہوگا اور رسول اللہﷺ نے مال ضائع کرنے سے منع فرمایا ہے جیسا کہ امام بخاری و مسلمؒ نے روایت کیا ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
’’بے شک اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے مائوں کی نافرمانی‘ خود نہ دینے اور دوسروں سے طلب کرنے‘ بچیوں کو زندہ درگور کرنے کو حرام قرار دیا ہے اور قیل و قال‘ کثرت سوال اور مال ضائع کرنے کو مکروہ قرار دیا ہے‘‘۔
یاد رہے یہاں مکروہ سے مراد مکروہ تحریمی ہے ۔(یعنی ان کاموں کا کرنا حرام ہے)
بجو کا کھانا حلال ہے کیونکہ امام احمد اور اصحاب سنن نے حضرت عبدالرحمن بن عبداللہ بن ابی عمارہؒ سے روایت کیا ہے کہ میں نے حضرت جابرؓ سے پوچھا کیا بجو شکار ہے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں‘ میں نے کہا کیا میں اسے کھا سکتا ہوں؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں! میں نے پوچھا: کیا یہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب