السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
میں سولہ سالہ نوجوان ہوں اور اپنے چچا کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا ہوں لیکن مجھے معلوم ہوا ہے کہ اس کی چھوٹی بہن نے میری بہن کا دودھ پیا ہے کیا اس سے شادی کرنا میرے لئے جائز ہے لیکن یاد رہے کہ اس نے میری والدہ کا دودھ نہیں پیا؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اس لڑکی سے شادی کرنے میں آپ کے لئے کوئی حرج نہیں، اس کی چھوٹی بہن نے آپ کی بڑی بہن کا جو دودھ پیا ہے اس کا آپ کی شادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا یہ لڑکی آپ کے لئے اجنبی ہے کہ اس نے آپ کی والدہ کا یا آپ نے اس کی والدہ کا دودھ نہیں پیا اور نہ اس کی کسی بہن کا دودھ پیا ہے لہٰذا آپ دونوں کے مابین قرابت(رضاعت) نہیں ہے لیکن اس کی چھوٹی بہن آپ کے لئے یا آپ کے کسی اور بھائی کے لئے حلال نہیں ہے کیونکہ اس نے تمہاری بہن کا دودھ پیا ہے لہٰذا یہ تمہاری سب بھائیوں کی بھانجی ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب