السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
میں ایک شادی شدہ آدمی ہو ، میری بیوی نے چھ بچوں کو جنم دیا ہے لیکن میرے اور بعض بچوں کے درمیان مشابہت نہ ہونے کی وجہ سے مجھے اس کے کردار میں شک ہے، سوال یہ ہے کیا مشابہت نہ ہونے کی وجہ سے شک کیا جا سکتا ہے ؟ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
آپ کی بیوی اگر کسی ایسے بچے کو جنم دے جس کی مشابہت مشتبہ ہو تو اس کی طرف توجہ نہیں دینی چاہیے کیونکہ صحیحین میں حدیث ہے کہ ایک آدمی نبی اکرمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا:
’’یا رسول اللہﷺ: میری بیوی نے ایک کالے رنگ کے بچے کو جنم دیا ہے ، جبکہ اس آدمی اور اس کی بیوی کا رنگ کالا نہ تھا لہٰذا وہ ااس کے بچے کے بارے میں شبہ کا اظہار کررہا تھا تو نبیﷺ نے فرمایا کہ کیا تمہارے پاس اونٹ ہیں؟ اس نے جواب دیا جی ہاں۔ آپﷺ نے فرمایا:ان کا رنگ کیسا ہے ؟ اس نے جواب دیا، سرخ، نبیﷺ نے فرمایا: کیا ان میں کوئی مٹیالے رنگ کا بھی ہے؟ اس نے جواب دیا جی ہاں آپﷺ نے فرمایا اس کا رنگ مٹیالا کیوں ہے؟ اس نے جواب دیا کہ شاید اسے کوئی رگ کھینچ لائی ہو، آپﷺ نے فرمایا کہ ہو سکتا ہے کہ اسے بھی کوئی رگ کھینچ لائی ہو۔‘‘
آپ کو معلوم نہیں، ہو سکتا ہے کہ آپ کے یا آپ کی بیوی کے آبائواجداد میں سے کسی کے ساتھ ان بچوں کی مشابہت ہو جن کے بارے میں آپ کو شبہ ہے لہٰذا اس شبہ کی طرف توجہ نہ دیں اورر اللہ تعالیٰ شیطان مردود سے پناہ مانگیں، جب تک آپ کی بیوی صحیح ہے آپ کے دل میں اس کے بارے میں شک نہیں ہونا چاہیے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب