سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

یوم عید ایام تشریق میں سے نہیں ہے

  • 9148
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 774

سوال

یوم عید ایام تشریق میں سے نہیں ہے
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

بعض لوگ منیٰ میں صرف ایک رات یعنی گیارہ کی رات قیام کرتے ہیں اور گیارہ تاریخ کو وہ بارہ کی بھی رمی کر لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس طرح انہوں نے دو دن گزار لیے ہیں کیونکہ عید کے دن کو بھی وہ ایام تشریق میں سے شمار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے عید (قربانی) کے دن اور اس کے بعد دوسرے دن جو کہ گیارہ تاریخ کا دن ہے رمی کر لی ہے اور یہی وہ دو دن ہیں جن کا اللہ تعالیٰ نے اس آیت کریمہ میں ذکر فرمایا ہے:

﴿فَمَن تَعَجَّلَ فى يَومَينِ فَلا إِثمَ عَلَيهِ...٢٠٣... سورة البقرة

"اگر کوئی جلدی کرے (اور) دو ہی دن میں (چل پڑے) تو اس پر بھی کچھ گناہ نہیں۔"

اور اس طرح وہ گیارہ تاریخ کو منیٰ چھوڑ   جاتے  ہیں، تو کیا یہ شرعا جائز ہے اور کیا یہ صحیح ہے کہ انسان یوم عید کو بھی ان دو دنوں میں شمار کرے۔ امید ہے اس مسئلہ کی دلیل کے ساتھ وضاحت فرمائیں گے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ان دونوں سے مراد جنہیں منیٰ میں بسر کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے جلدی کرنے والوں کو منیٰ سے رخصت ہو جانے کی اجازت دی ہے، عید کا دوسرا اور تیسرا دن ہے کیونکہ یوم عید تو یوم حج اکبر ہے اور ایام تشریق عید کے دن کے بعد کے تین دنوں کو کہتے ہیں اور یہی دن رمی جمرات اور اللہ عزوجل کے ذکر کے دن ہیں۔ جو شخص جلدی کرنا چاہے تو وہ بارہ تاریخ کے غروب آفتاب سے پہلے پہلے منیٰ سے کوچ کر جائے، لیکن اگر سورج غروب ہو گیا تو پھر منیٰ ہی میں رات بسر کرنا واجب ہو گا اور اسے تیرہ تاریخ کو بھی رمی کرنا پڑے گی۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام نے ایسا ہی کیا تھا۔ جو شخص گیارہ تاریخ کو منیٰ سے روانہ ہو جائے تو اس نے ایک واجب یعنی رمی کو ترک کیا ہے، لہذا اس پر دم لازم ہے جسے مکہ میں فقراء کے لیے ذبح کیا جائے اور اس نے بارہویں رات کا منیٰ میں جو قیام ترک کیا تو اس کی وجہ سے اسے مقدور بھر صدقہ کرنا چاہیے نیز اس کوتاہی اور بے وقت جلد بازی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار بھی کرنا چاہیے۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

محدث فتوی

فتوی کمیٹی

تبصرے