طواف وداع کے بعد حاجی کے ذمہ کیا واجب ہے؟
طواف وداع اعمال حج میں سے آخری عمل ہے۔ اس کے بعد حاجی کو ملتزم کے پاس کھڑے ہو کر دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ اسے دوبارہ بیت اللہ شریف آنے کی توفیق عطا فرمائے، یہ اس کی آخری حاضری نہ ہو، اس کے علاوہ اور بھی مناسب دعائیں کرے اور پھر معمول کی چال کے ساتھ بیت اللہ شریف سے نکل جائے یعنی یہ حکم شریعت نہیں کہ واپسی کے وقت وہ الٹے پاؤں چلے بلکہ معمول ہی کی چال چلے کہ بیت اللہ شریف اس کے پیچھے ہو اور پھر اپنے سفر پر روانہ ہو جائے اور اگر کسی ضرورت کے بغیر طواف وداع کے بعد مکہ میں طوایل قیام کیا ہو مثلا نصف دن تک تو پھر دوبارہ طواف وداع کرے اور اگر اس نے تجارت یعنی خریدوفروخت کے لیے قیام کیا یا کوئی ایسا کام کیا جس سے اقامت میں رغبت معلوم ہوتی ہو تو پھر بھی اسے دوبارہ طواف وداع کرنا ہو گا اور اگر اس کے بعد اس نے سفر یا اپنے اہل و عیال کی ضرورت کے لیے کوئی چیز خریدی تو پھر دوبارہ طواف وداع لازم نہیں ہے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب