السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جب مسجد میں مردوں اور عورتوں کی صف کے درمیان (مضبوط و مستحکم) پردہ حائل ہو تو کیا پھر بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد صفون پر منطبق ہو گا کہ "مردوں کی سب سے بہتر پہلی صف ہے اور۔۔۔" یا اس ارشاد کا حکم زائل ہو جائے گا؟ اور اس طرح کے پردہ کی وجہ سے عورتوں کی سب سے بہتر صف بھی پہلی صف ہو گی؟ رہنمائی فرمائیں۔
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ اس حدیث میں عورتوں کی آخری صف کو بہترین قرار دینے کا سبب مردوں سے دوری ہے عورت جس قدر مردوں سے دور ہو گی اسی قدر اپنی عزت و آبرو کی حفاظت کرنے والی اور اخلاقی خرابی کی طرف میلان سے اپنے آپ کو دور رکھنے والی ہو گی۔ لیکن جب عورتوں کی جائے نماز مردوں سے دور ہو اور دونوں کے درمیان دیوار یا مضبوط و مستحکم پردہ حائل ہو اور وہ لاؤڈ سپیکر کی آواز کے ذریعہ امام کی متابعت کرتی ہوں تو پھر راجح بات یہی ہے کہ سبقت اور قبلہ کے قرب کی وجہ سے عورتوں کی بھی پہلی صف افضل ہو گی۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب