السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
افطاری کے کھانوں کی تیاری میں اگر اسراف سے کام لیا جائے تو کیا اس سے روزے کا ثواب کم ہو جاتا ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
نہیں اس سے روزے کا ثواب کم نہیں ہوتا۔ روزہ ختم ہونے کے بعد اگر کسی حرام کام کا ارتکاب کیا جائے تو اس سے بھی روزے کا ثواب کم نہیں ہوتا۔ ہاں البتہ افطاری میں اسراف حسب ذیل ارشاد باری تعالیٰ میں داخل ہے:
وَكُلوا وَاشرَبوا وَلا تُسرِفوا إِنَّهُ لا يُحِبُّ المُسرِفينَ ﴿٣١﴾... سورۃ الاعراف
’’اور کھاؤ اور پیو اور بے جا نہ اڑاؤ کہ اللہ بے جا اڑانے والوں کو دوست نہیں رکھتا۔‘‘
لہذا اسراف بجائے خود ممنوع ہے جب کہ کھانے پینے میں اعتدال اختیار کرنا تو نصف معیشت ہے۔ اگر کسی کے پاس رزق کی فراوانی ہو تو اسے چاہیے کہ اسراف کے بجائے صدقہ کر دے کیونکہ یہ ایک افضل عمل ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب