السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
سبزیوں مثلا ٹماٹر، آلو اور پیاز وغیرہ میں بھی زکوٰۃ واجب ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
تمام ایسے غلوں اور پھلوں میں زکوٰۃ واجب ہے جن کو تولا اور ذخیرہ کیا جاتا ہو لیکن سبزیوں میں مطلقا زکوٰۃ واجب نہیں ہے، کیونکہ اس حدیث میں ہے جسے امام دار قطنی رحمہ اللہ نے اپنی سند کے ساتھ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ليس في الخضراوات صدقة) (سنن الدارقطني: 93/2‘ ح: 1890)
’’سبزیوں میں زکوٰۃ نہیں ہے۔‘‘
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی اسی طرح روایت ہے نیز اثرم نے روایت کیا ہے کہ
’’حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے عامل نے آپ کی طرف سے ایک ایسے باغ کے بارے میں لکھا جس میں اناروں کے بجائے سبزیوں سے آمدنی زیادہ تھی تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے جواب میں لکھا کہ سبزیوں میں زکوٰۃ نہیں کیونکہ یہ گھاس پھوس کے مانند ہیں۔‘‘
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب