السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا یہ ضروری ہے کہ مسلمانوں کی قبریں عیسائیوں یا دیگر اہل مذاہب کی قبروں سے الگ ہوں یا کسی تمیز کے بغیر سب قبریں ایک جگہ بھی ہو سکتی ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
یہ ضروری ہے کہ مسلمانوں کی قبریں یہود ونصاریٰ،مشرکین، ملحدین اور دیگر کافروں کی قبروں سے بالکل الگ تھلگ ہوں جیسا کہ عہد نبوی سے آج تک مسلمانوں میں یہی رواج ہے اور یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ کافروں کی قبروں کے مقابلہ میں مسلمانوں کی ایک خاص حرمت بھی ہے۔ مسلمانوں کی قبریں کافروں کی قبروں سے اس لیے الگ ہونا ضروری ہیں تاکہ کافروں کے عذاب سے مسلمانوں کو ایذاء نہ پہنچے اور پھر زیارت کے لیے آنے والے نے چونکہ صرف مسلمانوں ہی کو سلام کہنا اور ان کے لیے دعا کرنا ہوتا ہے اس لیے بھی ان کی قبریں کافروں کی قبروں سے علیحدہ ہونی چاہئیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب