السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ہماری مسجد کے شمالی جانب کچھ جگہ ہے جہاں چار دیواری کی گئی اور اس جگہ کو مسجد کے ساتھ ملایا گیا ہے، ہم اس جگہ کو عورتوں کے لیے مخصوص کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہاں رمضان میں نماز ادا کر سکیں، تو کیا ان کے لیے یہاں نماز ادا کرنا جائز ہے کیونکہ وہ اس جگہ سے امام کو دیکھ نہیں سکتیں بلکہ صرف لاؤڈ سپیکر سے آواز سن کر امام کی اقتداء کر سکتی ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اس مذکورہ جگہ میں عورتوں کی نماز کے صحیح ہونے کے بارے میں علماء میں اختلاف ہے جب کہ وہ امام اور امام کے پیچھے مقتدیوں کو نہ دیکھ سکتی ہوں بلکہ صرف تکبیر کی آواز ہی سن سکتی ہوں۔ زیادہ احتیاط اس بات میں ہے کہ وہ مذکورہ جگہ نماز ادا نہ کریں بلکہ اپنے گھروں ہی میں ادا کریں الا یہ کہ انہیں مسجد میں نمازیوں کے پیچھے جگہ مل جائے یا مسجد سے باہر کوئی ایسی جگہ میسر آ جائے جہاں سے وہ امام یا بعض مقتدیوں کو دیکھ سکیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب