سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(259) جب زندگی بسر کرنا مشکل ہو تو پھر عورت کے طلاق طلب۔۔۔

  • 7624
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-28
  • مشاہدات : 1255

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

جب زندگی گزارنا مشکل ہوتوپھرطلاق طلب کرنے کے بارے میں حکم شریعت کیا ہے؟زندگی کے مشکل ہونے کا سبب یہ ہے کہ میرا خاوند جاہل ہے ‘‘میرے حقوق ہی کو نہیں جانتا ،مجھ پر اورمیرے والدین پر لعنت بھیجتارہتا ہے اورمجھے یہودی،نصرانی اوررافضی کے ناموں سے موسوم کرتا ہے لیکن میں اپنے بچوں کی وجہ سے اس کے اس قبیح اخلاق پر صبر کئےہوئے تھی لیکن جب سے مجھے‘‘التھاب المفاصل’’کا مرض لاحق ہوا ہے میں صبر کرنے سے عاجز وقاصر ہوگئی ہوں اورمجھے اس سے شدید نفرت ہوگئی ہے حتی کہ میں اب اس سے بات بھی نہیں کرسکتی ،میں نے اس سے طلاق طلب کی تواس نےمیرے اس مطالبہ کو بھی مسترد کردیا کیونکہ میں چھ سال سے اس کے گھر میں اپنے بچو کی خاطر رہ رہی ہوں لیکن اس طرح جیسے کوئی مطلقہ یا اجنبی عورت ہو لیکن ان حالات کے باوجود مجھے طلاق بھی نہیں دیتا ،امید ہے آپ میرے اس سوال کا جوا ب عطافرماکرعزت افزائی فرمائیں گے!


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

جب تمہارے خاوند کا حال یہ ہے جو تم نے ذکر کیا ہے تواس حال میں طلاق طلب کرنے میں کوئی حرج نہیں اوراس میں بھی کوئی حرج نہیں کہ خواہ اسے کچھ مال ہی کیوں نہ دینا پڑے تاکہ وہ تمہیں طلاق دے دے کیونکہ وہ زندگی بھی اچھے طریقے سے بسر نہیں کرتا اورپھر گندی زبان استعمال کرکے تم پر ظلم بھی کرتا ہے لیکن اگر تم ان حالات میں صبر کرسکو،اسے اچھا اندازواسلوب اختیار کرنے کی تلقین کرتی رہو اوراس کی ہدایت کے لئے اللہ تعالی سے دعا کرتی رہو تویہ تمہارے بچوں کے حوالے سے اوراس حوالے سے کہ تمہیں اورتمہاے بچوں کو خرچہ کی ضرورت ہوگی ،بہتر ہے اورامید ہے کہ اس سے اللہ تعالی تمہیں اجر اورحسن عاقبت سے نوازے گا۔ہم بھی اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ اسے ہدایت اورسلامت روی عطافرمائے۔۔۔لیکن یہ سب کچھ اس صورت میں ہے جب وہ نماز پڑھتا ہواوردین کو برابھلا نہ کہتا ہواوراگروہ نماز نہیں پڑھتا یا دین کو گالی دیتا ہے تووہ کافر ہے،اس کے ساتھ زندگی بسر کرنا جائز نہیں اورنہ یہ جائز ہےکہ تم اپنا نفس اس کے لئے پیش کرو کیونکہ دین اسلام کو گالی دینا اوراس کا مذاق اڑانا اہل علم کے اجماع کے مطابق کفر وضلالت اوراسلام سے ارتدادہے ارشادباری تعالی ہے

﴿قُلْ أَبِاللَّـهِ وَآيَاتِهِ وَرَ‌سُولِهِ كُنتُمْ تَسْتَهْزِئُونَ ﴿٦٥﴾ لَا تَعْتَذِرُ‌وا قَدْ كَفَرْ‌تُم بَعْدَ إِيمَانِكُمْ﴾ (التوبۃ۹/۶۵۔۶۶)

‘‘کہوکیا تم اللہ اوراس کی آیتوں اوراس کے رسول سے ہنسی کرتے تھے ؟بہانے مت بناوتم ایمان لانے کے بعدکافرہوچکے ہو۔’’

اورعلماء کے صحیح قول کے مطابق ترک نماز کفر اکبر ہے خواہ اس کے وجوب کاانکار نہ بھی کرے کیونکہ صحیح مسلم میں حضرت جابربن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا کہ‘‘آدمی اورکفر وشرک کے درمیا رفرق ترک نماز ہے۔’’اسی طرح امام احمد اوراہل سنن رحمۃ اللہ علیہم نے صحیح سند کے ساتھ حضرت بریدہ بن حصیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا کہ‘‘وہ عہد جو ہمارے اوران کے درمیا ن ہے ،وہ نماز ہے ،جس نے اسے ترک کردیا ا س نے کفرکیا’’علاوہ ازیں کتاب وسنت کے دیگر دلائل سے بھی یہی بات ثابت ہوتی ہے ،

واللہ المستعان۔

 

 

مقالات وفتاویٰ ابن باز

صفحہ 348

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ