سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(212) عورت طواف افاضہ کررہی تھی کہ خون جاری ہوگیا اس نے۔۔۔۔۔

  • 7577
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-16
  • مشاہدات : 872

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک عورت نے حج کے لئے سفر شروع کیا اورسفر شروع کرنے کے پانچویں دن بعد ماہواری شروع ہوگئی ،میقات پہنچنے کے بعد اس نے غسل کیا اوراحرام باندھ لیا حالانکہ یہ ابھی تک اپنے ماہانہ معمول سے پاک نہ ہوئی تھی،مکہ مکرمہ پہنچ کر یہ حرم سے باہر رہی ،حج وعمرہ کے شعائر میں سے کوئی بھی ادا نہ کیا ،منی میں دو دن رہنے کے بعد یہ پاک ہوگئی اس نے غسل کیا اورعمرہ کے تمام مناسک حالت طہارت میں اداکئے اورپھر جب یہ حج کے بعد طواف افاضہ کررہی تھی تو خون دوبارہ شروع ہوگیا مگر اس نے شرم وحیا کی وجہ سے بتایا نہیں اوراسی طرح مناسک حج اداکرلئے اوراپنے ولی کو اپنے وطن واپس جاکر بتایاتواس بارے میں کیا حکم ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اگر صورت حال اسی طرح ہےجس طرح سائل نے بیان کی ہے تو مذکورہ عورت پریہ لازم ہے کہ وہ واپس مکہ مکرمہ جائے اورحج کے طواف کی نیت سے ،اس طواف کی بجائے جس میں حیض شروع ہوگیا تھا ،بیت اللہ شریف کا طواف کرے،طواف کے بعد مقام ابراہیم کے پیچھے یا حرم میں جہاں بھی ممکن ہودورکعتیں پڑھے ،اس سے حج مکمل ہوجائے گا۔

اگرحج کے بعد اس کے شوہر نے اس سے مجامعت کی ہے توپھر اسے ایک جانور ذبح کرکے مکہ مکرمہ میں فقیروں کا کھلانا ہوگاکیونکہ محرمہ عورت سے اس کا شوہر طواف افاضہ عید کے رمی جمار اوربالوں کے کاٹنے کے بعد ہی وظیفہ زوجیت اداکرسکتا ہے۔

اگراس عورت کا حج تمتع تھا اوراس نے پہلے صفا ومروہ کی سعی نہیں کی تواسے سعی بھی کرنا ہوگی اوراگر حج قران یا مفرد تھا اوراس نے طواف قدوم کے ساتھ سعی کرلی تودوبارہ سعی لازم نہ ہوگی۔

اس عورت کو اللہ تعالی کی بارگاہ میں توبہ بھی کرنی چائیے کہ اس نے حیض کی حالت میں طواف جاری رکھا اورطواف سے پہلے ہی مکہ سے روانہ ہوگئی اورپھر اس طویل مدت تک اس طواف کو مئوخر کیا ،ہم بھی اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس کی توبہ قبول فرمائے!

 

 

مقالات وفتاویٰ ابن باز

صفحہ 299

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ