تکبیر اولی سے قبل نیت نماز ضروری ہے یا نہیں۔ کیانیت زبان سے ادا کی جائے ۔ جب نیت کے لئے آیت قرآن انی وجھت قبل از تکبیر اولی پڑھتے ہیں تواس آیت کا نیت کے لیے پڑھنا کیوں ناجائز ہے۔؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
تکبیراولی سے پہلے دل سے نیت ضروری ہے زبان سے نیت ثابت نہیں۔ بلکہ نیت دل ہی کا فعل ہے نہ زبان کا۔ کیونکہ نیت کا معنی قصد اور ارادہ ہے۔ قصداور ارادہ دل کا فعل ہے اور انی وجهت نیت کے لیے نہیں پڑھی جاتی۔کیونکہ اس میں کسی خاص عبادت کا ذکر نہیں۔اور نیت خاص عبادت کی ہوتی ہے۔نیز انی وجهت کا تکبیراولی سےپہلے پڑھنا اس کاتسلی بخش کوئی ثبوت نہیں بلکہ بعض روایتوں سے تکبیراولی کے بعد پڑھنا ثابت ہے چنانچہ مشکوۃ’’باب یقرأبعد التکبیر‘‘میں وہ روایت موجود ہے۔پس صحیح بعد پڑھنا ہے۔ اور نیت پہلے ہوتی ہے تواس کا نیت کے لیے پڑھنا ثابت نہ ہوا۔
وباللہ التوفیق