السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیاحضرت خضر علیہ السلام زندہ ہیں ان کے زندہ ہونے کی کیا نوعیت ہے ان کی زندگی اورحضرت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی میں کیافرق ہے کیا خضر معہ جسد خاکی زندہ ہیں ؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
حضرت خضر علیہ السلام کی حیات کے متعلق کوئی صاف روایت نہیں کہ وہ زندہ ہیں۔ صرف آپ حیات کی جگہ رہنے سے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ وہ زندہ ہیں۔ اس قسم کی بعض اور روایتیں بھی ہیں۔ جیسے حضرت رسول اللہﷺ کی وفات کے وقت آواز آئی جس میں گھروالوں کو صبرکی تلقین کی گئی۔ اس موقع پرحضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا ۔ یہ آواز دینے والے حضرت خضرعلیہ السلام ہیں۔
(مشکوة باب وفات النبی صلی اللہ علیہ وسلم فصل 3 ص 550)
لیکن یہ حدیث بالکل ضعیف ہے۔ قابل استدلال نہیں اگراس کوتسلیم بھی کیا جائے تو اس سے زندگی ثابت نہیں ہوتی۔ کیونکہ رسول اللہﷺ کے ساتھ معراج کی رات انبیاء کرام علیہم السلام کی گفتگو ہوئی ہے۔ حالانکہ سوائے حضرت عیسٰی علیہ السلام کے باقی انبیاء بالاتفاق فوت ہوچکے تھے۔ سو ایسے ہی اگرفوت شدہ کی آواز زندہ نے سنی ہو تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں بلکہ یہ چیز کرامت کی قسم ہوسکتی ہے ۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب