سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(161) دو شخص نماز قریب قریب پڑھ رہے تھے..الخ

  • 5668
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-02
  • مشاہدات : 889

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ دو شخص نماز قریب قریب پڑھ رہے تھے ایک مصلی کا دامن دوسرے مصلی سے جو قریب تھا دب گیا جس کے نیچے دبا تھا اس نے کچھ اٹھ کر اس کا دامن اپنے نیچے سے نکال دیا ، آیا اس حرکت سے اس کی نماز فاسد ہوئی یا ہیں۔ بینواتوجروا


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

نماز میں ضرورت کے وقت اس قسم کے فعل سے اور اس قدر فعل سے نماز فاسد نہیں ہوتی ، ضرورت کے وقت رسول اللہ ﷺ سے اور صحابہ ؓ سے نماز کے اندر اس قسم کافعل اور اس قدر فعل بلکہ اس سے زیادہ ثابت ہے، صحیحین میں ہے۔ عن ابی قتادہ قال رأیت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یؤم الناس و امامۃ بنت ابی العاص علی عاتقہ فاذارکع وضعہا واذا رفع من السجود داعا ھا مشکوۃ  یعنی ابوقتادہؓ سے روایت ہے کہ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپ لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے، او  رامامہ ابوالعاص کی لڑکی یعنی آپ کی نواسی آپ کے کندھے پرتھیں ، جب آپ رکوع کرتے تو ان کو زمین پر رکھ دیتے اور جب سجدہ سر اٹھاتے تو پھر کو اپنے کندھے پر رکھ لیتے اور صحیح بخاری میں ہے۔ عن انس بن مالک کنا نصلی مع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فی شدۃ الحر فاذا لم یستطع احد نا ان یمکن وجہہ من الارض بسط ثوبہ فسجد علیہ یعنی حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ  ہم لوگ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے تھے تو جب ہم میں سے کوئی زمین پر (گرمی کی وجہ سے) سر نہیں رکھ سکتا تھا تو اپنا کپڑا پھیلاتا اور اس پر سجدہ کرتا اور مسند و سنن ابی داؤد وغیرہ میں ہے۔ عن عائشۃ قالت کان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یصلی تطوعا والباب علیہ مغلق نجئت فاستفتحت فمشی ففتح لی ثم رجع الی مصلاوہ ذکرت ان الباب کان فی القبلۃ (مشکوٰۃ) یعنی حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نفلی نماز پڑھتے تھے اور دروازہ بند ہوتا پس میں آتی اور دروازہ کھلواتی تو آپ چل کر دروازہ میرےکھول دیتے پھر اپنے مصلی پر چلے جاتے اور حضرت عائشہ ؓ نے ذکر کیا کہ دروازہ قبلہ کی جانب تھا ۔ واللہ تعالیٰ اعلم و علمہ اتم۔ کتبہ محمد عبدالرحمن المبارکفوری عفاء اللہ عنہ    (ابوالعلیٰ محمد عبدالرحمٰن)

 


فتاوی نذیریہ

جلد 01 

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ