آج کل جو مجالس میلاد قائم ہوتی ہیں۔کیا یہ جائز ہیں یا نہیں؟ جواب مفصل عنایت فرمائیں۔
مجالس میلاد بدعت ہیں، اور ان کے بدعت ہونے میں کسی قسم کا کلا م نہیں ، کیونکہ یہ دین میں نیا کام ہے اور دین میں نئے کام بدعت ہیں۔ اس مقدمہ کا صغری تو ظاہر ہے کیونکہ یہ مجالس آنحضرتﷺ اور صحابہ اور تابعین و تبع تابعین اور ائمہ مجتہدین کے زمانہ میں نہیں ہوتی تھیں۔ اس کے علاوہ ان میں اور بھی بہت سی بُرائیاں اور مفاسد موجود ہیں جن کو قرآن ،سنت ، اجماع صحابہ اور قیاس صحیح سے استنباط نہیں کیا جاسکتا تو یہ نیا کام ٹھہرا اور کبری ٰ یہ ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ نئے کاموں سے بچو کہ وہ بدعت ہیں اور ہر بدعت گمراہی ہے اور یہ بھی فرمایا بدترین کام نئے ہیں اور ہر بدعت گمراہی ہے۔لہٰذا یہ بھی گمراہی ہے ، علماء نے اس کی تردید میں بہت سے رسائل تصنیف کئے ہیں، اگر اس کی پوری تفصیل مطلوب ہو، تو ان کا مطالعہ کریں۔ واللہ اعلم۔