السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
حافظ صاحب نام کے متعلق آپ نے لکھا کہ بشیر رزاق کی بجائے بشیر عبدالرزاق لکھا اور کہلوایا کرو اس سلسلہ میں وضاحت طلب ہے ۔ دوسرا یہ کہ سکول کے سر ٹیفکیٹ سے لے کر شناختی کارڈ تک یہی نام چلا آ رہا ہے اس کا کوئی حل ضرور بتائیں تاکہ نام کی غلطی دور ہو سکے ۔ ان شاء اللہ آج کے بعد میرا نام بشیر عبدالرزاق ہی ہو گا ۔
بشیر عبدالرزاق خانیوال
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جہاں تک میں سمجھا ہوں آپ کے والد گرامی کا اسم گرامی ہے عبدالرزاق جس لیے آپ لکھتے ، لکھواتے اور کہتے کہلواتے ہیں بشیر رزاق مقصد ہے آپ کا بشیر بن عبدالرزاق ۔ تو ماشاء اللہ آپ دانا ہیں غور فرمائیں آپ کے والد صاحب کا نام عبدالرزاق ہے رزاق تو نہیں رزاق تو اللہ تعالیٰ کا نام ہے {إِنَّ اﷲَ ہُوَ الرَّزَّاقُ ذُوْالْقُوَّۃِ الْمَتِیْنُ} آپ عبدالرزاق کے بیٹے ہیں رزاق کے بیٹے تو نہیں بلکہ {إِنَّ اﷲَ ہُوَ الرَّزَّاقُ لَمْ یَلِدْ وَلَمْ یُوْلَدْ وَلَمْ یَکُنْ لَّہُ کُفُواً أَحَدٌ}۔ رہا دستاویزات والا مسئلہ تو اس میں کسی وکیل سے مشورہ کر لیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب