السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
صحیفہ اہلحدیث جو کراچی سے شائع ہوتا ہے ۱۴۱۳ہـ ربیع الاول میں جو شائع ہوا اس میں ایک حدیث لکھی تھی جس پر میں نے عمل شروع کر دیا لیکن تحقیق نہیں کی اگر ہو سکے تو اپنا قیمتی وقت نکا ل کر تحقیق کر دیں ۔ وہ یہ ہے کہ نبی صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا جو دن میں چار مرتبہ یہ دعا پڑھے وہ چار بیماریوں سے محفوظ رہے گا ۔ نابینا ہونے سے ۔ جزام کی بیماری سے ۔ فالج گرنے سے ۔ دیوانہ پاگل ہونے سے ۔ دعا یہ ہے ’’سُبْحَانَ اﷲِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہِ وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِاﷲِ‘‘ عبدالرحمن طاہر سرگودھا
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
مسند احمد ج۵ ص۶۰ میں ہے {ثَنَا یَزِیْدُ بْنُ ہَارُوْنَ عَنِ الْحَسَنِ عَنْ أَبِیْ کَرِیْمَۃَ حَدَّثَنِیْ رَجُلٌ مِنْ أَہْلِ الْبَصْرَۃِ عَنْ قَبِیْصَۃَ ابْنِ الْمُخَارِقِ قَالَ : اَتَیْتُ رَسُوْلَ اﷲِ صلی الله علیہ وسلم الحدیث ، وَفِیْہِ : یَا قَبِیْصَۃُ إِذَا صَلَّیْتَ الْفَجْرَ فَقُلْ ثَلاَثًا : سُبْحَانَ اﷲِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہِ تَعَافَی مِنَ الْعَمٰی وَالْجُذَامِ وَالْفَالِج ۔ ۱ہـ} [میں رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم کے پاس آیا لمبی حدیث اور اس میں ہے اے قبیصہ جب تو فجر کی نماز پڑھے تو تین مرتبہ یہ پڑھ ۔ سُبْحَانَ اﷲِ وَبِحَمْدِہِ تو نابینا ہونے سے جزام کی بیماری سے اور فالج سے محفوظ رہے گا]
اس میں ایک راوی ’’رجل من أہل البصرۃ‘‘ تو مجہول ہے اور اگر حسن سے مراد حسن بصری ہیں تو پھر یزید بن ہارون اور حسن کے درمیان انقطاع بھی ہے ۔ ۱۳/۸/۱۴۱۴ہـ