السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
۱) جو عملیات کیے جاتے ہیں جنوں اور موکلوں کو قابو کرنے کے لیے کیا یہ درست ہے ؟ مثلاً ایک بنیادی عمل جنوں کے لیے ہوتا ہے کہ نماز عشاء کے بعد آیۃ الکرسی پڑھی جاتی ہے اکیس دن تک گیارہ تسبیحات ہوتی ہیں اور ہر تسبیح میں ایک سو ایک مرتبہ پڑھنی ہوتی ہے کیا آدمی ایسے عملیات یا یہ عمل کرنا چاہے تو شریعت اجازت دیتی ہے ؟
(۲) موکل کن کو کہا جاتا ہے ؟ (۳) کوئی عمل جو دین ودنیا کے لیے بہتر ہو اللہ کی محبت دل میں پیدا کرنے والا ہو تحریر کر دیں ؟ عتیق الرحمن ظفر وال23/2/98
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
(۱) یہ عمل کتاب وسنت میں سے مجھے معلوم نہیں ۔
(۲) موکل ان فرشتوں یا جنوں کو کہا جاتا ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے کسی کام پر متعین کر رکھا ہو ۔
(۳) صبح سو مرتبہ پڑھا کریں { لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ}1 [جو شخص ۱۰۰ مرتبہ صبح کے وقت یہ دعا پڑھے گا اسے ۱۰ غلام آزاد کرنے کے برابر ثواب ملے گا ۔ ایک سو نیکیاں اس کے نام لکھی جائیں گی اور اس کے ۱۰۰ گناہ مٹا دیے جائیں گے اور ان الفاظ کی برکت سے اس دن شام تک وہ شیطان سے محفوظ رہے گا اور کوئی شخص اس سے افضل عمل لے کر نہیں آئے گا تاہم اگر کوئی شخص زیادہ دفعہ کہے۔(تو وہ اس سے بہتر ہو سکتا ہے)]اور رات سوتے وقت آخری تینوں قل پڑھ کر اپنے آپ کو دم کریں 2نیز سوتے وقت سبحان اﷲ ۳۳ مرتبہ الحمدﷲ ۳۳ مرتبہ اور اﷲ اکبر ۳۴ مرتبہ پڑھا کریں 3اورنماز تہجد حتی الوسع نہ چھوڑیں ان شاء اللہ سبحانہ وتعالیٰ آپ اپنے تحریر کردہ مطلوب کو پائیں گے ۔ ۸/۱۱/۱۴۱۸ہـ