آپ لوگ رفع الیدین عند الرکوع کرتے ہیں ، کیا سمجھ کر کرتے ہیں؟ فرض ، واجب ، سنت ، مستحب یا مباح ، اگر فرض واجب ہے تو دلیل نص سے ایسی ہی پیش کریں۔ جس سے فرضیت یا وجوب ثابت ہو۔
اور اگر سنت ہے تو آنحضرت صلی الله علیہ وسلم سے حکم یا دوام اور بقاء کا عمل پیش کریں۔ لیکن ان شرطوں کے ساتھ:
روایت صحیح ہو ، صریح ہو ، مرفوع ہو غیر مجروح ہو۔
آنحضرت صلی الله علیہ وسلم سے ثابت کریں: صحیح ، صریح ، مرفوع ، غیر مجروح روایت کے ساتھ:
1 وجود تراویح 2 متصل بعد نمازِ عشاء
3 قبل از وتر 4 با جماعت
5 دو دو رکعت 6 پورا رمضان المبارک
7 ختم قرآن فی التراویح 8 وتر با جماعت ادا کرنا (غضنفر الٰہی ، کوٹ شاہاں، گوجرانوالہ)
آپ نے کچھ شرائط کے ساتھ دو سوالوں کے جواب طلب فرمائے ہیں۔(۱)رفع الیدین عند الرکوع۔ (۲)تراویح ۔
تو محترم ان مسئلوں کے حل سے بات بنتی نظر نہیں آتی کیونکہ قراء ت فاتحہ ، ہاتھ باندھنے ، دعائے قنوتِ وتر میں رفع الیدین و تکبیر اور دیگر کئی ایک مسائل ان دو سوالوں کے جوابوں سے حل نہیں ہوتے ، اس لیے مناسب ہے کہ آپ امام ابوحنیفہ کی تقلید پر بات چیت فرمائیں تاکہ مندرجہ بالا تمام مسائل حل ہو جائیں ، اس لیے آپ امام ابو حنیفہ کی تقلید کو قرآن و سنت سے ثابت فرمائیں اور اپنی پیش کردہ شرائط کو ضرور ملحوظ رکھیں بڑی مہربانی ہو گی۔ ۴،۱،۱۴۲۱ھ