عیدین کی نماز بارہ تکبیروں سے پڑھنی افضل ہے یا چھ تکبیروں سے و نیز تکبیر تحریمہ کے علاوہ بارہ تکبیریں ہیں یا تکبیر تحریمہ سمیت؟
عیدین کی نماز بارہ تکبیروں سے پڑھنی سنت ہے۔ اس پر حدیث ذیل دلیل ہے:
ان النبی ﷺ کبر فی العیدین سبعًا قبل القرأۃ وفی الاخر خمسا قبل القرأۃ۔ (ترمذی، ابن ماجہ، دارمی)
یعنی نبیﷺ نے عیدین میں سات تکبیریں پہلی رکعت میں کہیں اور پانچ تکبیریں دوسری میں قرأۃ سے قبل۔
اس حدیث کو امام بخاری رحمہ اللہ نے صحیح کہا ہے اور یہی مذہب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت فاروق رضی اللہ عنہ و حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا و دیگر اجلہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ہے۔
حضرت امام مالک و امام شافعی امام احمد وغیرہ رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا بھی یہی مسلک ہے۔ ملاحظہ ہو ترمذی شریف و کتب شروح حدیث چھ تکبیروں والی روایت سنداً سخت ضعیف ہے۔ اور مدعی پر غیر وال ہے۔ اس لیے قابل عمل نہیں ہے تکبیر تحریمہ کے علاوہ بارہ تکبیریں ہونی چاہئیں۔
مولانا محمد یونس دہلوی مدرس مدرسہ حضرت میاں صاحب
اہل حدیث گزٹ دہلی
جلد۸، شمارہ ۱۶