السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک جنازہ پر لوگ نماز جنازہ سے فارغ ہو گئے ہوں پھر بعد نماز کے اور قبل دفن کے ایک یا دو آدمی یا زیادہ آ جاویں اور ان کو نماز جنازہ نہ ملی ہو تو کیا وہ لوگ دوبارہ جنازہ مذکور پر نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں۔ بینواتوجروا۔
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
صورت مسئولہ میں جنازہ مذکور پر دوبارہ نماز جنازہ پڑھ سکتے ہیں اس واسطے کہ نماز جنازہ ایک دفعہ ہو جانے کے بعد پھر دوبارہ پڑھنا ان لوگوں کو درست ہے جن کو نماز جنازہ نہ ملی ہو ایک مرتبہ صحابہ رضی اللہ عنہم نے رات کے وقت ایک شخص کے جنازہ کی نماز پڑھ کر اس کو دفن کر دیا اور رات کی تاریکی کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ کو خبر نہ کی صبح کو جب آپ کو خبر ہوئی تو آپ نے اس کی قبر پر جنازہ کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھی جیسا کہ حدیث متفق علیہ میں ہے۔ پس جب بعد دفن کے قبر پر جنازہ کی نماز دوبارہ پڑھنی جائز ہے۔تو قبل دفن کے میت پر جنازہ کی نماز دوبارہ پڑھنی تو بدرجہ اولیٰ جائز ہو گی۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ (فتاویٰ نذیریہ جلد نمبر ۱ ص ۶۴۷)
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب