سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(151) حضرت عیسیٰ علیہ السلام کونسا کلمہ پڑھیں گے؟

  • 3933
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1774

سوال

(151) حضرت عیسیٰ علیہ السلام کونسا کلمہ پڑھیں گے؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام جب دنیا میں دوبارہ تشریف لائیں گے تو بطور امتی کلمہ’ ’ لا الٰہ الا اللہ‘‘ پڑھیں گے یا کوئی اور کلمہ؟(سائل محمد صدیق بی اے ٹیچر ہائی سکول سندیانوالی ضلع لائل پور)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

قرآن مجید میں ہے:

﴿وَاِذْ اَخَذَ اللّٰہُ مِیْثَاقَ النَّبِيينَ لَمَآ اٰتَیْتُکُمْ مِّنْ کِتٰبٍ وَّحِکْمَةٍ ثُمَّ جَآءَکُمْ رَسُوْلٌ مُّصَدِّقٌ لِّمَا مَعَکُمْ لَتُؤْمِنُنَّ بِه وَلَتَنْصُرُنَّه قَالَ ءَاَقْرَرْتُمْ وَاَخَذْتُمْ عَلٰی ذٰلِکُمْ اِصْرِیْ قَالُوْٓا اَقْرَرْنَا قَالَ فَاشْہَدُوْا وَاَنَا مَعَکُمْ مِّنَ الشّٰہِدِیْنَ﴾

’’اور جب اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام سے وعدہ لیا کہ جو کچھ میں تم کو کتاب وحکمت سے عطا کروں پھر تمہارے پاس رسول آجائے جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ رسول اس کی تصدیق کرے البتہ تم ضرور اس کے ساتھ ایمان لاؤ گے اور البتہ ضرور اس کی مدد کرو گے فرمایا کیا تم نے اقرار کیا اور کیا تم نے اس شرط پر میرے عہد کا بوجھ اٹھایا نبیوں نے کہا ہم نے اقرار کیا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا اب تم گواہ ہو اور میں بھی تمہارے ساتھ گواہی دینے والوں سے ہوں۔‘‘

یہ وعدہ گذشتہ انبیاء سے لیا گیا جن میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی شامل تھے جو جیسے باقی انبیاء علیہم السلام کو آخر الزمان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا کلمہ پڑھنا ضروری تھا، ایسے ہی حضر ت عیسیٰ علیہ السلام پر بھی ضروری ہوا۔

نتیجہ یہ کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام دوبارہ دنیا میں تشریف لائیں گے کلمہ’’ لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ‘‘ پڑھیں گے۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام اپنی امت کے لیے رسول تھے لیکن نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہوں گے اور اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ایک حیثیت سے رسول ہونا اور ایک حیثیت سے امتی ہونا اس میں کو منافات نہیں۔

حدیث میں ہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

((کا موسیٰ حیاما وسعه الا اتباعی )) ( مشکوة : باب الاعتصام بالکتاب والسنة فصل ۲)

’’اگر موسیٰ علیہ السلام زندہ ہوتے تو ان کو میری اتباع کے بغیر کوئی چارہ نہ ہوتا۔‘‘

اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہو اکہ:

’’ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام پر سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع ضروری ہے تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر بطریق اولیٰ ضروری ہو گی۔ پس حضرت عیسیٰ علیہ السلام دوبارہ دنیا میں تشریف لائیں گے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کریں گے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی کلمہ پڑھیں گے۔ (عبداللہ امرتسری روپڑی لاہور۱۰ شعبان ۱۳۸۲ھ مطابق ۲۷ دسمبر ۱۹۶۳ء فتاویٰ روپڑی: جلد اول، صفحہ۱۷۲ )

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاوی علمائے حدیث

جلد 09 ص 343

محدث فتویٰ

تبصرے