السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ایک مولوی صاحب کہتے ہیں کہ آدم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے نبی نہیں بنایا وہ تو صرف ابو البشر تھے اور بس؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
ان کی یہ بات صحیح نہیں ہے کہ آدم علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے نبی نہیں تھے۔ حقیقت میں آدم علیہ السلام اللہ کے نبی تھے۔ احادیث کی کتاب میں مختلف صحابہ رضی اللہ عنہم سے نبیﷺ کے ارشادات موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے نبی تھے۔ مثلاً حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: ((ان رجلا قال یا رسول اللّٰہ انبی کان اٰدم قال معلّم مکلّم))
یعنی ایک آدمی نے کہا کہ اے اللہ تعالیٰ کے رسولﷺ! کیا آدم علیہ السلام نبی تھے؟ آپﷺ نے فرمایا کہ ہاں، نبی تھے، جنہیں سکھلایا گیا اور ان سے (اللہ کی طرف سے) کلام کیا گیا ہے۔ امام حاکم نے اس کو صحیح علی شرط مسلم کہا ہے۔ صاحب تلخیص نے اس پر کسی قسم کی تنقید نہیں کی ۔ (مستدرک حاکم جلد ثانی صفحہ ۲۶۲) نیز حضرت ابو ذررضی الہ عنہ سے رسول اللہﷺ کی حدیث آدم علیہ السلام کے نبی ہونے کے متعلق مختلف الفاظ میں آئی ہے۔ تفصیل کے لیے مجمع الزوائد، کنز العمال وغیرہ کتاب کی طرف رجوع فرمائیں، بعض روایات میں ہے: نبی تھے اور رسول۔ (مولانا ابو البرکات شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ اہل حدیث لاہور جلد نمبر ۴ ش نمبر ۳)
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب