سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

حدیث کے الفاظ کی تحقیق

  • 312
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-29
  • مشاہدات : 3200

سوال

 

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا ان الفاظ کے ساتھ کوئی حدیث موجود ہے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا:میری امت میں سے ستر ہزار لوگ دجال کا ساتھ دیں گے اور ان کے سروں پر سبز چادریں ہوں گی۔؟۔ ازراہِ کرم کتاب وسنت کی روشنی میں جواب دیں جزاكم الله خيرا

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد! 

ان الفاظ سے مروی یہ روایت سخت ضعیف اور ناقابل احتجاج ہے ،حدیث کے الفاظ یہ ہیں-

ابو سعید خدری﷜ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

’’ يتبع الدجال من أمتي سبعون ألفا عليهم السيجان ‘‘

 میری امت میں سے ستر ہزار ایسے افراد دجال کی پیروی کریں گے،جن پر سبز چادریں ہوں گی ۔(مصنف عبد الرزاق: 20825،شرح السنۃ:7/375،الضعیفہ: 20825)اسنادہ ضعیف جدا۔

اس روایت کی سند میں ابوہارون عمارہ بن جوین عبدی متروک وکذاب راوی ہے۔(التقریب)

البتہ سبز چادر اور پگڑی کو شعار اور مذہبی علامت بنانا ناپسندیدہ اورمکروہ فعل ہے ،کیونکہ سبز چادر اورپگڑی کو مذہبی علامت بنانا یہود کا طرز عمل ہے۔

انس بن مالک ﷜ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’يتبع الدجال من يهود اصبهان سبعون الفا عليهم الطيالسة‘‘

اصبہان کے یہود میں سے ستر ہزار ایسے افراد دجال کی پیروی کریں گے ،جن پر سبز چادریں ہوں گی۔(صحیح مسلم:2944)۔

یہ حدیث دلیل ہے کہ سبزپگڑی اور سبز چادر کو مذہبی شعار بنانا یہود کا طریقہ کار ہے ،جب کہ مسلمانوں کو یہودو نصاری ٰ سمیت دیگر کفار کی مشابہت اختیار نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے ،اور ان کی مشابہت اختیار کرنے او رنقالی کرنے پر سخت وعید وارد ہے-

ابن عمر سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

من تشبه بقوم فهو منهم 

جس نے کسی قوم کی مشابہت اختیار کی وہ ان ہی میں سے ہے۔(مسند احمد:2/50،سنن ابوداود:4031)۔اسنادہ حسن﷭

وباللہ التوفیق

فتویٰ کمیٹی


محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ