ایک دفعہ آپ نے زبان مبارک سے فرمایا تھا کہ عورتوں کو عید کی نماز کرانی جائز نہیں۔ تحریر فرمائیں کہ دوسری نماز کی جماعت جدا ان کو جائز ہے یا نہیں۔
مطلق امامت اور جماعت کرانا عورتوں کو منع نہیں عورتوں کے واسطے عورت کی امامت جائز ہے۔ مگر آگے کھڑی نہ ہووے سب کے بیچ کھڑی ہووے عید عورتوں کو علیحدہ پڑھنی خلاف سنت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام و سلف صالحین سے اس کا کوئی ثبوت نہیں۔ بلکہ یہی تاکید ہے کہ عورتیں بھی عید گاہ میں حاضر ہو جاویں اور مردوں کی نماز میں شامل رہیں۔ حیض والی بھی دعا اور تکبیرات میں شامل رہیں مگر نماز کی جگہ سے جدا رہیں۔ صحیح بخاری کی کتاب العیدین میں دیکھو۔ (حررہ عبد الجبار بن عبد اللہ الغزنوی رحمۃ اللہ علیہ، فتاویٰ غزنویہ ص۴۷)