سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(368) رفع الیدین کے بارے میں سوالات اور ان کے جوابات

  • 2653
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 3846

سوال

(368) رفع الیدین کے بارے میں سوالات اور ان کے جوابات
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

1۔رفع الیدین کرنا سنت ہے۔ مؤکدہ ہے یا غیر مؤکدہ سنت ہے؟
2۔  رفع الیدین کے بغیر نماز ہوسکتی ہے یا نہیں؟
3۔  رفع الیدین نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری نمازوں میں کی ہے؟
4۔  رفع الیدین کے متعلق کتاب و سنت کی روشنی میں کتنی حدیثیں آتی ہیں؟
5۔   رفع الیدن سجدہ سے سر اٹھاتے وقت نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے کی ہے یا نہیں؟
6۔   رفع الیدین علماء کہتے ہیں ۱۰ نیکیاں ملتی ہیں۔ ثبوت ہے یا نہیں؟
7۔    رفع الیدین کو حنفی علما ء گھوڑے کی دم ………کہتے ہیں۔ آپ تشریح فرمائیں؟
8۔    رفع الیدین کم لوگ کرتے ہیں بہت لوگ نہیں کرتے ان کی نماز ہوتی ہے یا نہیں؟
9۔    رفع الیدین امام مالکؒ، امام شافعیؒ ، امام احمد بن حنبلؒ، امام ابو حنیفہؒ ان چاروں اماموں نے رفع الیدین کی ہے؟ آپ وضاحت فرمائیں۔
10۔    رفع الیدین خلفاء راشدین آیا کرتے تھے؟ آپ ارشاد فرمائیں۔ آپ وضاحت سے جدا جدا ثبوت دیں؟


 

لجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

1۔صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو رفع الیدین کرتے، جب رکوع جاتے تو رفع الیدین کرتے اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو رفع الیدین کرتے۔ سجدہ میں آپ رفع الیدین نہیں کیا کرتے تھے۔ ( صحیح بخاري، الاذان، باب رفع الیدین فی التکبیرة الاولی مع الافتتاح سواء ، صحیح مسلم، الصلاة، باب استحباب رفع الیدین حذو المنکبین)

اور صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب دو رکعتوں سے اٹھتے تو رفع الیدین کرتے۔ ( صحیح بخاری ؍ کتاب الاذان ؍ باب رفع الیدین اذا قام من الرکعتین)

شروع نمازِ تکبیر تحریمہ کے وقت رفع الیدین کی جو حیثیت ہے رکوع والے رفع الیدین کی بھی وہی حیثیت ہے۔
2۔   رفع الیدین کے بغیر نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز نہیں ہوتی۔
3۔   صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے حوالہ سے لکھا جاچکا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رکوع جاتے اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو رفع الیدین کرتے اور معلوم ہے آخری نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کیا اور رکوع سے سر بھی اٹھایا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رفع الیدین بھی کیا۔ پھر ان سے پوچھیں شروع نماز والا رفع الیدین اور وتروں کی تیسری رکعت والا رفع الیدین آخری نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ہے؟ دلیل پیش کریں ورنہ انہیں بھی چھوڑ دیں۔
4۔    رفع الیدین کرنے کی احادیث بہت زیادہ ہیں۔ البتہ ان کی تعداد کتاب و سنت میں کہیں نہیں آئی۔ ہاں صاحب نیل الفرقدین  نے لکھا ہے رفع الیدین کرنے کی بارہ احادیث صحیح ہیں۔  (نیل الفرقدین فی مسئلۃ رفع الیدین ص:۵۳ للأستاذ مولانا محمد انور شاہ صاحب کشمیری)
5۔    صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سجود میں رفع الیدین نہیں کیا کرتے تھے۔ (صحیح بخاري، کتاب الأذان، باب استحباب رفع الیدین حذوالمنکبین مع تکبیرة الاحرام والرکوع وفی الرفع من الرکوع وانه لا یفعله إذا رفع من السجود)
6۔    قرآنِ مجید میں ہے: ﴿مَن جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ‌ أَمْثَالِهَا ۖ (الأنعام:۱۶۰)

’’ جو کوئی اللہ کے  ہاں نیکی لے کر آئے گا، اسے اس کا دس گنا ثواب ملے گا۔ ‘‘]تو چار رکعت والی نماز میں دس دفعہ رفع الیدین ہے تو یہ کل ایک سو نیکی بنتی ہے تو جو صرف پہلی دفعہ رفع الیدین کرتے ہیں ، پھر نہیں کرتے وہ صرف چار رکعات والی ایک ہی نماز میں نوے نیکیوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔ پھر ان کی نماز بھی نبی کریم a والی نماز نہیں۔
7۔   حنفی علماء کرام سے وہ دلیل طلب کریں، جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع والے رفع الیدین کو گھوڑے یا سرکش گھوڑے کی دم قرار دیا ہو؟ نیز ان سے پوچھیں وتروں کی تیسری رکعت والا رفع الیدین گھوڑے یا سرکش گھوڑے کی دم ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو پھر وہ یہ کیوں کرتے ہیں؟ اگر نہیں تو دلیل پیش کریں۔
8۔    نمبر ۲ میں لکھ چکا ہوں ’’ رفع الیدین کے بغیر نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز نہیں۔‘‘
9۔     ائمہ اربعہ اور دیگر ائمہ رحمہم اللہ اجمعین دین میں حجت و دلیل نہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول و عمل اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریر و تصویب حجت و دلیل ہے اور پہلے بتایا جاچکا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رفع الیدین کیا کرتے تھے۔
10۔    خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم بھی دینی امور میں حجت و دلیل نہیں دیکھئے اصول فقہ کی کتابوں میں لکھا ہے شرعی دلائل چار ہیں۔ (۱) کتاب اللہ تعالیٰ ۔ (۲) سنت ِرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔ (۳) اجماع مجتہدین امت رحمہم اللہ اجمعین۔ (۴)قیاس صحیح۔ غور فرمائیں خلفائے راشدین  رضی اللہ عنہم کو اصولِ فقہ والوں نے شرعی دلائل میں شامل نہیں فرمایا۔

 

فتاویٰ علمائے حدیث

کتاب الصلاۃجلد 1 

محدث فتویٰ

تبصرے