سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(1) ہر کام شروع کرنے پہلے بسم اللہ پڑھنا

  • 26094
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-28
  • مشاہدات : 1954

سوال

 السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ میں کہ جمیع امور لیک مثل وقت وضو یا کھانے یا پینے یا وقت جماع وغیرہ کےسوائے شروع سورہ قرآن شریف کے پوری بسم اللہ یعنی بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھنی سنت ہے یا فقط بسم اللہ پر اکتفا کرنا چاہیے۔اور درصورت پوری بسم اللہ پڑھنے کے بدعت ہوجاتی ہے یا نہیں۔بینواتوجروا۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

میرے فہم میں یہ سب  تشددات ہیں الفاظ ماثورہ پراگرکچھ الفاظ حسنہ زیادہ ہوجاویں تو کوئی مضائقہ نہیں عبداللہ بن عمر  رضی اللہ تعالیٰ عنہ  سے صحیح مسلم وغیرہ کتب حدیث میں موجود ہے کہ عبداللہ بن عمر  رضی اللہ تعالیٰ عنہ  فرماتے تھے کہ تلبیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کا اسی قدر تھا:

"لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ... لَبَّيْكَ لَا شَرِيْكَ لَكَ لَبَّيْكَ ... إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكُ لَا شَرِيْكَ لَكَ "[1]

اورعبداللہ بن عمر  رضی اللہ تعالیٰ عنہ  اس پر یہ کلمات زیادہ کرتے تھے:

"لَبَّيْكَ لَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ ، وَالْخَيْرُ بِيَدَيْكَ ، لَبَّيْكَ وَالرَّغْبَاءُ إِلَيْكَ وَالْعَمَلُ "[2]

بہت مواضع ثابت ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین  اورعلماء اسلام الفاظ ماثورہ پر د رود شریف اور دعوات میں بعض الفاظ زیادہ کرتے تھے۔اوریہ تعامل بلانکیر جاری رہا نماز میں بھی اگر ادعیہ ماثورہ پرزائد دعا پڑھی جائے تو کوئی مذائقہ نہیں دیکھو صحیح بخاری وغیرہ کتب حدیث میں ہے ایک شخص نےجورسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کے پیچھے نماز پڑھتا تھا قومہ میں یہ دعا پڑھی:

"رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ حَمْدًا كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيهِ،"[3]

جس وقت آپ نماز سے فارغ ہوگئے آپ نے فرمایا یہ کلمات کس نے پڑھے ایک روایت میں ہے کہ آپ نے تین دفعہ فرمایا صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین  ساکت ہوگئے اور پڑھنے والا ڈرگیا کہ شاید آپ میرے پڑھنے سے ناراض ہوگئے آپ نے فرمایا :

"مَنْ الْقَائِل الْكَلِمَة ؟ فَإِنَّهُ لَمْ يَقُلْ بَأْسًا "

یعنی کس نے یہ کلمات کہے ہیں اس نے کوئی بُری بات نہیں کی پھر وہ شخص بولا:

"قَالَ: مَنِ الْمُتَكَلِّمُ؟ قَالَ: أَنَا، قَالَ: رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَأَيْتُ بِضْعَةً وَثَلَاثِينَ مَلَكًا يَبْتَدِرُونَهَا أَيُّهُمْ يَكْتُبُهَا أَوَّلُ"

یعنی تیس سے زیادہ کچھ فرشتے اس کے لکھنے کے واسطے آئے تھے ہر ایک چاہتا تھا کہ میں اس کو  پہلے لکھوں۔اس سے صاف  ثابت ہوا کہ ماثور پر زیادت جائز ہے کیونکہ یہ دعا اس شخص نے ا پنی طر ف سے ماثور پر زیادہ کی تھی اگر یہ تعلیم نبوی ہوتی تو خوف کس بات کا تھا جس سے وہ سکوت کرتا رہا اور جواب نہ دے سکا اسی طرح ایک شخص نے نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے پیچھے چھینک کر یہ دعا پڑھی۔

"الحَمْدُ لِلَّهِ حَمْدًا كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيهِ ، مُبَارَكًا عَلَيْهِ ، كَمَا يُحِبُّ رَبُّنَا وَيَرْضَى،"

آپ نے نماز سے فارغ ہوکردودفعہ پوچھا یہ پڑھنے والا کون تھا کوئی نہ بولا تیسری دفعہ پھر پوچھا آخر وہ شخص بولا کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  میں نے پڑھا:

"فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: (وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ، لَقَدْ ابْتَدَرَهَا بِضْعَةٌ وَثَلَاثُونَ مَلَكًا، أَيُّهُمْ يَصْعَدُ بِهَا"[4]

آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا کچھ اوپر  تیس فرشتے دُور سے ان کلمات کے لیے کون اوپر لے جاوے گا۔

رواہ ابوداود والترمذی والنسائی حدیث میں فقط چھینک کے واسطے اس قدروارد ہے:

"الْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى كُلِّ حَالٍ"[5]

 یہ زیادت اس شخص نے  اپنی طرف سے کی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  نے اس کی تحسین فرمائی اس کے نظائر بکثرت ہیں اگر کل کا استعیاب کیا جاوے تو ایک مستقل کتاب بنے گی۔غرض یہ کہ اس قسم کے زیادات بدعت سے نہیں بلکہ:

"فَمَن تَطَوَّعَ خَيْرًا فَهُوَ خَيْرٌ لَّهُ "[6]

میں داخل ہیں فقط عبدالجبار عفی عنہ۔(سید محمد نذیر حسین)

ہوالموفق:۔

اس مسئلہ کی تحقیق عون المعبود شرح سنن ابی داؤد صفحہ 409 جلد 4 میں بسط کے ساتھ کی گئی ہے  من شاء زیادۃ التحقیق فلیراجع الیہ کتبہ محمد عبدالرحمان المبارکفوری عفا اللہ عنہ۔


[1]۔ میں تیری جناب میں حاضر ہواہوں اے اللہ میں حاضر ہوں تیراکوئی شریک نہیں میں حاضر ہوں حمد اورنعت تیری ہے بادشاہی تیری ہے تیرا کوئی شریک نہیں۔

[2]۔میں تیری بابرکت جناب میں حاضر ہوں بھلائی تیرے ہاتھ میں ہے میں حاضر ہوں تمام رغبتیں اور عمل تیرے ہی لیے ہیں۔

[3]۔اے اللہ تیرے ہی لیے تعریف ہے بہت زیادہ تعریف پاکیزہ اور برکت والی تعریف۔

[4]۔سب تعریفیں اللہ ہی کی ہیں بہت زیادہ تعریف پاکیزہ اوربرکت والی جیسی ہمارا رب پسندکرے اور جس پر اضی ہو۔

[5]۔ہرحال میں اللہ کی تعریف ہے۔

[6]۔ جوخوشی سے زیادہ نیکی کرے وہ اس کے لیے بہتر ہے۔

     ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب

فتاوی نذیریہ

جلد:2،کتاب الاذکار والدعوات والقراءۃ:صفحہ:1

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ