السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اگر کوئی آدمی اپنے گھر میں صدقہ کا جانور ذبح کرتا ہے اور یہ صدقہ مطلق ہے۔ نذر، کفارہ وغیرہ کا صدقہ نہیں ہے یا بطورِ صدقہ کھانا تیار کرتا ہے۔ کیا وہ صدقہ کے اس گوشت یا کھانے کو اپنے استعمال میں لا سکتا ہے یا نہیں؟ یعنی اس گوشت یا کھانے میں سے اپنے اہل و عیال کو کھلا سکتا ہے یا نہیں؟ بَیِّنُوْا تُوجرُوْا۔ (سائل حافظ محمد یوسف خطیب ہیئر بیدیاں روڈ لاہور) (۲۱ اپریل ۔ ۱۹۹۵ء)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جو جانور بطورِ صدقہ متعین کردیا جائے اس کا گوشت متصدق اپنے گھر استعمال میں نہ لائے وہ صرف فقراء و مساکین و غیرہ کا حق ہے۔ اگرچہ عام صدقہ ہی کیوں نہ ہو اس لیے کہ صدقہ کا مفہوم یہ ہے کہ آدمی اللہ کی رضا کی خاطر اس کی قربت کے حصول اور نیکی کی بناء پر اپنا استحقاق ترک کردے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب