السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
مالکیہ کے نزدیک ایک ہی نماز کی تین غیر موکدہ سنتیں ترک کرنے سے نماز باطل ہوجاتی ہے۔ کیا اس پر فتویٰ دینا درست ہے جب کہ غیر موکدہ سنتیں چھوڑنا جائز ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
صحیح بخاری کتاب الزکاۃ کے آغاز میں حدیث الاعرابی کے تحت امام قرطبی رحمہ اللہ مالکی رقمطراز ہیں:
’’یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے، کہ نفلی کام ترک کرنے جائز ہیں۔ لیکن ہمیشہ سنتوں کا چھوڑنا دین میں نقص کا باعث ہے، جب کہ انہیں کم تر سمجھ کر اور بے رغبتی سے چھوڑنے والا آدمی فاسق و فاجر ہے، کیونکہ اس پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے وعید وارد ہے:
’ مَن رَغِبَ عَن سُنَّتِی فَلَیسَ مِنِّی ‘صحیح البخاری،بَابُ التَّرغِیبِ فِی النِّکَاحِ ،رقم:۵۰۶۳
’’جو میری سنت سے بے رغبتی کرے وہ مجھ سے نہیں۔‘‘
’’شروع میں صحابہ اورتابعین وغیرہ سنتوں پر اسی طرح ہمیشگی کرتے تھے۔ جس طرح وہ فرائض کا اہتمام کرتے تھے۔ دونوں کے ثواب کو غنیمت سمجھتے ہوئے ان میں تفریق نہیں کرتے تھے۔ یہ صرف فقہاء ِکرام کا طریقہ کار ہے، کہ انہوں نے یہ تفریق کر دی، کہ کس چیز کا لوٹانا واجب ہے؟ کس کا نہیں اور کس کام کا مرتکب سزا کا مستحق ہے اور کس کا نہیں؟‘‘ فتح الباری : ۳؍ ۲۶۵
مذکورہ تصریح سے یہ بات ظاہر ہو رہی ہے، کہ بعض امور کو محض ہلکا سمجھ کر ترک کر دینا نقصان دہ اور اپنے کو ہلاکت میں ڈالنا ہے۔لہٰذا موقع اور عمل کے تقاضوں کے مطابق اگر کسی وقت ایسا فتویٰ صادر کر دیا جائے تو بظاہر گنجائش ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب