السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
نمازِ ظہر یا عصر یا مغرب میں دوسری یا تیسری یا چوتھی رکعت میں مقتدی شامل ہو تا ہے۔ تب مقتدی کی کونسی رکعت ہو گی۔ دوسری،تیسری یا چوتھی رکعت میں شمولیت کی صورت میں سلام پھیرنے کے بعد اٹھ کر مقتدی کونسی رکعت ادا کرے گا۔ پہلی یا دوسری رکعت کی صورت میں سورت فاتحہ کے بعد کوئی سورت قرآن سے پڑھ کر رکوع کیا جائے گا یا صرف سورۃ فاتحہ پڑھے گا؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
مسبوق امام کے ساتھ جو رکعت پاتا ہے وہ اس کی پہلی ہو گی۔ حدیث میں آتا ہے:
’ فَمَا أَدرَکتُم فَصَلُّوا وَمَا فَاتَکُم فَأَتِمُّوا۔‘ (صحیح البخاری،بَابُ قَولِ الرَّجُلِ: فَاتَتنَا الصَّلاَةُ،رقم:۶۳۵ مع فتح الباری۱۱۷/۱)
یعنی ’’جتنی نماز امام کے ساتھ پاؤ پڑھو اور جتنی فوت ہو جائے پوری کرو۔‘‘
حدیث ہذا میں فوت شدہ کی بابت فقط اتمام (مکمل کرنا) وارد ہوا ہے۔ جس کے معنی اخیر سے پورا کرنے کے ہیں اور یہ اس صورت میں ہوگا جب مقتدی نے جو نماز امام کی فراغت کے بعد پڑھی ہے وہ اس کی اخیر کی ہو۔ بناء بریں معہود (اس بناء پر پائی جانے والی ) ترتیب قائم رکھنا ہو گی۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب