السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
مسواک کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیا گیلی اور سوکھی مسواک دونوں کا ایک ہی حکم ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
مسواک گیلی ہو یا خشک ہر دو طرح بحالتِ روزہ کرنی جائز ہے۔ عامر بن ربیعہ رضي الله عنه کا بیان ہے ، میں نے رسول اﷲﷺ کو بے شمار دفعہ روزے کی حالت میں مسواک کرتے دیکھا ہے۔ (احمد، و ابوداؤد) سنن الترمذی،بَابُ مَا جَاء َ فِی السِّوَاکِ لِلصَّائِمِ ،رقم:۷۲۵، و قال حدیث حسن
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی حدیث ہذا کو حسن قرار دیا ہے ۔ یہ حدیث عموم کے اعتبار سے مسواک کی ہر حالت کو شامل ہے، چاہے خشک ہو یا تر۔ اور ’’صحیح بخاری‘‘ کے ’’ترجمۃ الباب‘‘ میں ہے۔ ابن سیرین نے کہا (روزے کی حالت میں) تَر مسواک کا کوئی حرج نہیں۔ کہا گیا اس کا تو ذائقہ ہوتا ہے۔ جواباً فرمایا:پانی کا ذائقہ بھی تو ذائقہ ہے۔ آپ اس سے کلی کرتے ہیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب