السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
مجھ پر قسم کاکفارہ واجب ہے ۔یعنی دس مسکینوں کو کھانا کھلانا۔کیا انہیں صرف ایک وقت کا کھانا کھلاؤں یا پور دن کا؟کیا ایک ہی مسکین کو دس دن تک کھلانے سے یہ کفارہ ادا ہوجائے گا؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
قرآن کی رو سے قسم کا کفارہ دس مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے۔کھلانے کی تین شکلیں ہوسکتی ہیں:
1۔انہیں دونوں وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلایا جائے۔وہی کھانا جو وہ خود اور اپنے گھر والوں کو کھلاناہے۔بعض علماء کے نزدیک ایک ایک وقت پیٹ بھرکر کھلانا بھی کافی ہے۔
2۔دوسری شکل یہ ہے کہ پکے ہوئے کھانے کے بجائے اناج دیا جائے۔اناج کی مقدار کیا ہوگی اس سلسلے میں علماء کا اختلاف ہے۔بعض کے نزدیک نصف صاع اور بعض کے نزدیک اس سے کم یا زائد۔بہرحال اناج کی اتنی مقدار دی جائے جس سے پیٹ بھر کر کھانا تیار ہوسکے۔
3۔تیسری شکل یہ ہے کہ اس کے پیسے دیے جائیں۔
میرے نزدیک پہلی شکل زیادہ افضل ہے کیوں کہ قرآن نے"اطعام" کا لفظ استعمال کیا ہے۔اور پہلی شکل اس لفظ سے زیادہ قریب تر ہے۔
آیت کی رو سے ایک ہی مسکین کو دس دن تک کھلانا کافی نہیں ہے۔آیت کا مقصود یہ ہے کہ دس مسکینوں کو کھانا کھلایا جائے۔اس لیے اس عدد کی رعایت ضروری ہے۔البتہ احناف کےنزدیک ایک ہی مسکین کو دس دن تک کھانا کھلانا جائز ہے۔
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب