سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(178) بہتے ہوئے پانی میں گندگی گر جانے کا حکم

  • 2372
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 4401

سوال

(178) بہتے ہوئے پانی میں گندگی گر جانے کا حکم
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اگر کسی پانی میں نجاست ، گندگی وغیرہ ہو اور وہ پانی بہہ کر چند کلومیٹر آگے جاتا ہے ۔ پھر کیا اس نجاست  یاگندگی والے پانی کو بندہ استعمال کر سکتا ہے حالانکہ نہ تو اس پانی کا رنگ تبدیل ہوا نہ کوئی بو نہ ذائقہ ۔
______________________________________________________________________________

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

حدیث قُلَّتَیْنِ اور حدیث اَلْمَاءُ طَھُوْرُ لاَ یُنَجِّسُه شَیْئٌ کی روشنی میں پانی دیکھ کر فیصلہ فرما لیں ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کیا ہم بضاعہ کے کنویں سے وضو کر سکتے ہیں یہ ایسا کنواں ہے جس میں بدبو دار اشیاء پھینکی جاتی ہیں ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پانی پاک ہے اسے کوئی چیز ناپاک نہیں کرتی۔ (سنن أبی داؤد،الطہارة، باب ما جاء فی بئر بضاعة، جامع الترمذي،كتاب الطہارة، باب ما جاء ان الماء لا ینجسہ شیء)
معلوم ہوا کہ کنویں کا پانی پاک ہے۔
رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب پانی کی مقدار قُلّتَیْنِ (۲۲۷کلو گرام )ہوتی ہے تو وہ نجاست کو نہیں اُٹھاتا۔ (رواہ أحمدو أبو داؤد والترمذی والنسائی والدارمی و ابن ماجه، بحواله المشکٰوة،کتاب الطہارة،باب المیاہ،الفصل الثانی)
یعنی کسی نجاست کے گرنے سے اس کا وصف (رنگ بو یا ذائقہ) تبدیل نہیں ہوتا لیکن اگر اس سے کم مقدار والے ساکن پانی میں نجاست گر جائے تو اس سے وضو یا غسل نہ کرنا چاہیے خواہ اس کا وصف تبدیل ہو یا نہ ہو اور اگر ۲۲۷ کلو گرام سے زائد پانی ہو اور اس کا وصف بدل جائے تو ناپاک ہے ورنہ پاک ہے۔


فتاویٰ علمائے حدیث

جلد 09 ص 

تبصرے