سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(173) سب سے افضل مہینہ کون سا ہے؟

  • 23543
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1563

سوال

(173) سب سے افضل مہینہ کون سا ہے؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

سب سے افضل مہینہ کون سا ہے؟ بعض لوگ رمجان المبارک کی بجائے کسی اور مہینے کو افضل کہتے ہیں۔ کیا اس طرح کی کوئی بات قرآن و حدیث سے ثابت ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

کتاب و سنت کے واضح دلائل سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام مہینوں سے افضل مہینہ رمضان المبارک ہے۔ بعض کج فہم عقلی گھوڑے دوڑااتے ہوئے قرآن و حدیث کے واضح دلائل کے خلاف موقف رکھتے ہیں، حالانکہ رمضان المبارک کی فضیلت اظہر من الشمس ہے۔ یہ صرف رمضان المبارک ہی ہے جس کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

(إِذَا دَخَلَ شَهْرُ رَمَضَانَ فُتِّحَتْ أَبْوَابُ السَّمَاءِ ، وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ جَهَنَّمَ ، وَسُلْسِلَتْ الشَّيَاطِينُ)(بخاري، الصوم، ھل یقال رمضان او شھر رمضان۔۔، ح: 1899)

’’جب ماہِ رمضان آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، (ایک حدیث میں رحمت کے در کھلنے کا ذکر ہے۔) جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور (سرکش) شیاطین باندھ دیے جاتے ہیں۔‘‘

یہ رمضان المبارک ہی ہے جس میں اعمال کا اجروثواب دیگر مہینوں سے زیادہ ہو جاتا ہے۔ اس کی ایک دلیل یہ ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ کرنے کا ثواب حج کے برابر ہو جاتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے امِ سنان (انصاریہ) رضی اللہ عنہا سے فرمایا:

(فان عمرة فيه تعدل حجة)(بخاري، العمرة، عمرة في رمضان، ح: 1782، مسلم، الحج، فضل العمرة في رمضان، ح: 1256 واللفظ له)

’’اس ماہ (رمضان المبارک) کا عمرہ حج کے برابر ہے۔‘‘

نوٹ: یہ واضح رہے کہ ایسا کرنے سے حج کی فرضیت ساقط نہیں ہوتی۔ صاحبِ استطاعت پر حج کرنا فرض ہے اگرچہ اس نے رمضان المبارک میں عمرہ ادا کر لیا ہو۔

یہ شرف صرف رمضان المبارک کو ہی حاصل ہے کہ اس میں ایک ایسی رات ہے کہ جسے قرآن میں ﴿لَيْلَةٍ مُّبَارَكَةٍ﴾ (الدخان) یعنی مبارک رات کہا گیا ہے۔ اسی رات کو قرآن کریم میں﴿لَيْلَةِ الْقَدْرِ﴾(القدر) یعنی شبِ قدر بھی کہا گیا ہے۔ اسی رات کی فضیلت میں اللہ تعالیٰ نے ایک مکمل سورت (سورة القدر) نازل کی۔ جس میں فرمایا:

﴿لَيلَةُ القَدرِ خَيرٌ مِن أَلفِ شَهرٍ ﴿٣﴾... سورة القدر

’’شب قدر ہزار مہینوں سے افضل ہے۔‘‘

غور کریں کہ کسی مہینے کا رمضان المبارک کے ساتھ تقابل کرنا ہی غلط ہے کیونکہ رمضان المبارک کی تو صرف ایک رات (ليلة القدر) ہی باقی سینکڑوں مہینوں سے بدرجہا بہتر ہے۔ رمضان المبارک کے عظمتوں والے باقی انتیس شب و روز اس کے علاوہ ہیں۔

 ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ افکارِ اسلامی

رمضان المبارک اور روزہ،صفحہ:438

محدث فتویٰ

تبصرے