السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا امام سورۃ الفاتحہ کے بعد تمام رکعتوں میں ایک ہی سورت تلاوت کر سکتا ہے؟ جیسا کہ بعض لوگ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ الاخلاص ہی پڑھتے ہیں۔
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
سورۃ الفاتحہ کا تکرار تو ہر رکعت میں لازمی ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی ہر رکعت میں ایک ہی سورت کو دہرایا جا سکتا ہے۔ ایک صحابی (کلثوم بن ہدم رضی اللہ عنہ) ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ الاخلاص پڑھتے تھے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرزِ عمل کو جائز قرار دیا۔
(بخاري، الاذان، الجمع بین السورتین ۔۔، ح:774)
اس حدیثِ تقریری کے علاوہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل مبارک سے بھی یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایک سورت کو پہلی رکعت میں پڑھنے کے بعد اسے دوسری رکعت میں دہرایا جا سکتا ہے۔ معاذ بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں؛
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز فجر کی دونوں رکعتوں میں﴿إِذَا زُلْزِلَتِ﴾(سورة الزلزال) کی تلاوت کی۔
(ابوداؤد، الصلاة، الرجل یعید سورة واحدة فی الرکعتین، ح:816)
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب