سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(62) آیت قرآنی میں تحریف

  • 23432
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1021

سوال

(62) آیت قرآنی میں تحریف

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

پنجاب یونیورسٹی کی جامع مسجد کے نزدیک ایک سائن بورڈ پر اعملوا شكرا لکھا ہوا ہے اور ان الفاظ کے مطابق ان کا ترجمہ ’’تم سب شکریہ میں نیک کام کرو۔‘‘ لکھا ہوا ہے، حوالے میں صرف "القرآن" لکھا ہوا ہے۔ میں نے اس کے بارے میں کچھ لوگوں سے پوچھا کہ کیا یہ واقعی قرآن کی آیت ہے تو انہوں نے اس کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ بعض نے کہا قرآن کی آیت ہے مگر غلط لکھی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔ آپ اس کے بارے میں میری راہنمائی کریں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اعملوا شكرا قرآن کی کوئی آیت نہیں اور نہ کسی آیت کا حصہ ہے، البتہ قرآن کی ایک آیت کے آخری الفاظ یوں ہیں:

﴿اعمَلوا ءالَ داوۥدَ شُكرًا وَقَليلٌ مِن عِبادِىَ الشَّكورُ ﴿١٣﴾... سورة سبا

پوری آیت یوں ہے:

﴿يَعمَلونَ لَهُ ما يَشاءُ مِن مَحـٰريبَ وَتَمـٰثيلَ وَجِفانٍ كَالجَوابِ وَقُدورٍ راسِيـٰتٍ اعمَلوا ءالَ داوۥدَ شُكرًا وَقَليلٌ مِن عِبادِىَ الشَّكورُ ﴿١٣﴾... سورة سبا

’’جو کچھ وہ (سلیمان) چاہتے وہ جنات تیار کر دیتے مثلا قلعے اور مجسمے اور حوضوں کے برابر لگن اور چولہوں پر جمی ہوئی مضبوط دیگیں، اے آل داؤد! اس کے شکر میں نیک عمل کرو، میرے بندوں میں سے شکر گزار بندے کم ہی ہوتے ہیں۔‘‘

لہذا قرآنی آیت (اعْمَلُوا آلَ دَاوُودَ شُكْرًا) کو اعملوا شكرا لکھنا قرآن مجید میں تحریف کے مترادف ہے، خصوصا جب محذوف الفاظ کی کسی نشان سے نشاندہی بھی نہ کی گئی ہو۔ ترجمہ دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کتابت کی غلطی نہیں ہے۔ بلکہ ایسا عمدا کیا گیا ہے۔ البتہ یہ بات درست ہے کہ شکر کا یہ حکم صرف آل داؤد کے لیے ہی نہیں بلکہ اس حکم کے عموم میں سب لوگ شامل ہیں۔ مگر کسی آیت کے حکم کے عموم کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوتا کہ اس آیت کے الفاظ و ترجمہ میں تبدیلی پیدا کر دی جائے، لہذا مذکورہ سائن بورڈ پر مکتوب آیت میں جو تحریف کی گئی ہے اس کی فوری طور پر تصحیح ہونی چاہئے اور تحریف کرنے والوں کو رب تعالیٰ سے اپنی غلطی کی معافی بھی مانگنی چاہئے۔

نوٹ: ماہنامہ دعوۃ التوحید میں جب یہ جواب شائع ہوا تو پنجاب یونیورسٹی نے مذکورہ بالا غلطی کی اصلاح کر لی۔

 ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ افکارِ اسلامی

قرآن اور تفسیر القرآن،صفحہ:187

محدث فتویٰ

تبصرے