سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(12) اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر پتا بھی حرکت نہیں کر سکتا!

  • 23382
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 3470

سوال

(12) اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر پتا بھی حرکت نہیں کر سکتا!

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

دوران گفتگو میں نے ایک آدمی سے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر تو پتا بھی نہیں ہل سکتا۔ تو اس شخص نے کہا: میں تمہیں ہلا کر بتاتا ہوں! کیا مذکورہ شخص صاحب ایمان ہی رہتا ہے یا اسے تجدید ایمان کی ضرورت ہے یا پھر اسے کیا کرنا چاہئے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اس شخص کو چاہئے کہ فورا اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے اور توبہ کرے، سوال میں بیان کردہ سوچ اور فکر کا حامل شخص قطعا مسلمان نہیں ہو سکتا کیونکہ اس کا اللہ جل جلالہ پر ایمان درست نہیں۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی کئی ایک صفات کی نفی ہوتی ہے اور ان بیسیوں آیات قرآنی کا انکار لازم آتا ہے جن میں اللہ تعالیٰ کے قادر و قدیر، عزیز و غالب اور جبار و قہار ہونے کا تذکرہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو مہلت دے رکھی ہے لیکن اگر وہ چاہے تو مذکورہ شخص کے ہاتھ شل اور پیروں کو چلنے سے معذور کر سکتا ہے۔ اس کی بینائی چھین اور عقل سلب کر سکتا ہے، اسے فوری موت سے ہمکنار بھی کر سکتا ہے۔ وہ جو چاہے کر سکتا ہے وہ ہر چیز پر پوری طرح قادر ہے وہ تو کن فیکون کا مالک ہے۔

صحیح راہنمائی کے لیے درج ذیل آیات پر ایک نظر ڈال لیں:

(1)﴿ وَاللَّهُ غالِبٌ عَلىٰ أَمرِهِ ...﴿٢١﴾... سورة يوسف

’’اللہ اپنے ارادے اور امر پر غالب ہے۔‘‘

(2) ﴿ وَلَو شاءَ اللَّهُ لَذَهَبَ بِسَمعِهِم وَأَبصـٰرِهِم إِنَّ اللَّهَ عَلىٰ كُلِّ شَىءٍ قَديرٌ ﴿٢٠﴾... سورة البقرة

’’اور اگر اللہ چاہے تو ان کے کانوں اور ان کی آنکھوں کو بیکار کر دے یقینا اللہ ہر چیز پر پوری طرح قدرت رکھنے والا ہے۔‘‘

(3)﴿وَلَو نَشاءُ لَطَمَسنا عَلىٰ أَعيُنِهِم فَاستَبَقُوا الصِّر‌ٰطَ فَأَنّىٰ يُبصِرونَ ﴿٦٦ وَلَو نَشاءُ لَمَسَخنـٰهُم عَلىٰ مَكانَتِهِم فَمَا استَطـٰعوا مُضِيًّا وَلا يَرجِعونَ ﴿٦٧﴾... سورة يس

’’اور اگر ہم چاہتے تو ان کی آنکھیں بے نور کر دیتے تو یہ راستے کی طرف دوڑتے پھرتے لیکن انہیں کیسے دکھائی دیتا؟ اوراگر ہم چاہتے تو ان کی جگہ پر ہی ان کی صورتیں مسخ کر دیتے تو نہ وہ چل سکتے اور نہ لوٹ سکتے۔‘‘

(4) ﴿ إِن نَشَأ نَخسِف بِهِمُ الأَرضَ أَو نُسقِط عَلَيهِم كِسَفًا مِنَ السَّماءِ إِنَّ فى ذ‌ٰلِكَ لَءايَةً لِكُلِّ عَبدٍ مُنيبٍ ﴿٩﴾... سورة سبا

’’اگر ہم چاہیں تو انہیں زمین میں دھنسا دیں یا ان پر آسمان سے ٹکڑے گرا دیں۔ یقینا اس میں نشانی (پوری دلیل) ہے ہر اُس بندے کے لیے جو رجوع اور عاجزی کرنے والا ہو۔‘‘

(5)﴿وَما يُمسِك فَلا مُرسِلَ لَهُ مِن بَعدِهِ وَهُوَ العَزيزُ الحَكيمُ ﴿٢﴾... سورة الفاطر

’’اور جسے اللہ روک دے اسے کوئی جاری کرنے والا نہیں اور وہی بہت غالب بھرپور حکمت والا ہے۔‘‘

 ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ افکارِ اسلامی

توحید باری تعالیٰ،صفحہ:60

محدث فتویٰ

تبصرے