سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(452) سدل کیا ہے؟

  • 23217
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-06
  • مشاہدات : 3895

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

زید ایک دوپٹہ اس طرح ڈالتا ہے کہ ایک سر اآگے لٹکاتا ہے اور دوسرا سرا بائیں ہاتھ کے نیچے سے لے جاکر داہنے شانہ پر پیچھے کی جانب لٹکالیتا ہے نماز بھی اسی طرح پڑھتا ہے عمرو کہتا ہے کہ یہ سدل ثواب ہے جو مکروہ ہے زید کا قول ہے کہ اس پر سدل ثوب کی تعریف صادق نہیں آتی ہے اور احادیث سے صاف ظاہر ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم   نے ملتحفاًنماز پڑھی ہے شمائل میں براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ  عنہ  کی حدیث چادر اوڑھنے میں جو مروی ہے نفس اس امر کو کہ ایک سرا آگے کی جانب اور دوسرا پیچھے کی جانب لٹکانے میں شامل ہے پس امر استفسار طلب یہ ہے کہ سدل کی عند الفقہاء کیا تعریف ہے اور یہ امر سدل ہے یا نہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

1۔سدل کی تعرف عند الفقہاء حسب ذیل ہے۔

"في الهدايه:" هو ان يجعل ثوبه علي راسه او كتفيه ثم يرسل اطرافه من جوانبه"[1]

(ہدایہ میں ہے (سدل یہ ہے کہ) وہ اپنا کپڑا اپنے سر یا کندھوں پر رکھے پھر اس کے کناروں کو (بغیر ملائے )چھوڑدے)

"وفي شرح وقايه نقلا عن المغرب:"هو ان يرسله من غير ان يضم جانبيه"[2]

(شرح وقادیہ میں مغرب سے نقل کیا گیا ہے کہ وہ (سدل ) یہ ہے کہ اس کے  کناروں کو (بغیر ملائے )چھوڑدے)

"وفي عالمگيرية:"هو ان يجعل ثوبه علي راسه او كتفيه فيرسل جوانبه"[3]

(فتاوی عالمگیری میں ہے (سدل یہ ہے کہ) وہ اپنا کپڑا اپنے سر یا کندھوں پر رکھے پھر اس کے کناروں کو (بغیر ملائے )چھوڑدے)

"وفي رد المختار نقلاً عن البحر الرائق:"وفسره الكرخي بان يجعل ثوبه علي راسه او علي كتفيه ويرسل اطرافه من جانبيه اذا لم يكن عليه سراويل"[4]

(ردالمختار میں النحر الرائق سے نقل کیا گیا ہے کرخی نے اس (سدل ) کی تفسیر یہ کی ہے کہ وہ اپنا کپڑا اپنے سر یا کندھوں پر رکھے پھر اس کے کناروں کو (بغیر ملائے )چھوڑدےاور وہ پائجامہ نہ پہنے ہوئے ہو)

حاصل ان عبارات کا یہ ہے کہ سدل یہ ہے کہ چادر یا دوپٹہ یا دوسرا کپڑا سر یا شانے پر رکھ کر اس کے اطراف کو بغیر ملائے ہوئے چھوڑدیں کرخی نے سدل کی تعریف میں ایک قید اور بڑھائی ہے وہ یہ ہے پائجامہ نہ پہنے ہوں تب امر مذکور ہ سوال سدل میں داخل نہیں ہے سدل میں کپڑے کے اطراف کا نہ ملانا بھی شرط ہے جیسا کہ تعریف سدل سے جو بلا مذکور ہوئی واضح ہوا اور صورت مسئولہ میں جب دوپٹہ کا ایک سرا آگے لٹکا یا گیا اور دوسرا سر ابائیں ہاتھ کے نیچے سے لے جاکر داہنے شانہ پر پیچھے کی جانب لٹکایا گیا تو دونوں طرف اس کے مل جائیں گے  واللہ اعلم بالصواب۔ کتبہ محمد عبداللہ۔


[1]الھدایة (۱/ ۶۴)

[2] ۔  شرح الوقایة (۱/ ۱۴۳)

[3] الفتاویٰ الھندیة (۱/ ۱۰۶)

[4] ۔رد المحتار (۱/ ۶۳۹)

 ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

مجموعہ فتاویٰ عبداللہ غازی پوری

کتاب اللباس والزینۃ،صفحہ:691

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ