السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
درج ذیل سوالات کے جوابات درکار ہیں :یہ سوالات ایک کیمیونسٹ ملک چین کے ایک غیر مسلم شہری نے کئے ہیں :
1۔ خدا کہاں سے آیا ؟ 2۔ خدا ہماری دنیا میں کیوں آیا؟
3۔ خدا کیسے دیکھتا ہے؟ 4۔ اگر خدا کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا تو جنگیں کیوں ہوتی ہیں؟
5۔ کیا وہ لوگوں کو مرتا دیکھنا پسند کرتاہے؟ 6۔ خدا نے یہ دنیا کیسے تخلیق کی اور اس کی تخلیق میں کتنے مراحل طے کیے؟
الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال
وعليكم السلام ورحمة الله وبركاته
الحمد لله والصلاة والسلام على رسول الله، أما بعد!
1۔اللہ تعالیٰ کو مخلوق و حادث سمجھ کر یہ سوال کیا گیا ہے حالانکہ اللہ تعالیٰ نہ حادث ہے نہ مخلوق ۔ وہ تو فاطرالسماوات والارض اور خالق کل شیء ہے اس لیے یہ سوال بنتا ہی نہیں۔
2۔ کیوں آیا؟ سے مراد کو واضح کیا جائے پھر جواب لکھا جائے گا ان شاء اللہ تعالیٰ۔
3۔ دیکھنے والی چیزوں کا خالق نہ دیکھتا ہو یہ محال ہے اس لیے اللہ تعالیٰ کا دیکھنا ثابت ہے۔ کیفیت کا علم نہیں۔ کسی وصف کی کیفیت کا علم نہ ہونے سے اس وصف کی نفی لازم نہیں آتی۔ کیسے دیکھنے؟ سوال سے پتہ چلتا ہے سائل اللہ تعالیٰ کے دیکھنے کو تسلیم کرتا ہے۔
4۔ سائل نے سمجھ لیا ہے کہ جنگیں اللہ تعالیٰ کے ارادہ و مشیت کے بغیر ہوتی ہیں سائل کا یہ سمجھنا خطا ہے جنگیں بھی اللہ تعالیٰ کے ارادہ و مشیت سے ہوتی ہیں لہٰذا یہ سوال بھی نہیں بنتا۔
5۔ پسند سے کیا مراد ہے رضا یا ارادہ مشیت ؟
6۔ سائل نے اللہ تعالیٰ کے موجود ہونے نیز اس کے دنیا کے خالق ہونے کو تسلیم کر لیا ہے ورنہ یہ سوال بنتا ہی نہیں۔واللہ اعلم