ایک شخص مجنون ہوگیا ہے اور اس وجہ سے اس کے حقیقی بڑے بھائی نے اس کی بی بی سے نکاح کر لیا ہے یہ نکاح شرعاً جائز ہوا یا نہیں؟المستفتی: فضل اللہ دولت پور۔
صورت مسئولہ میں اس مجنون شخص کے بڑے بھائی نے جو اس شخص کے مجنون ہوجانے کی وجہ سے اس کی بی بی سے نکاح کرلیا ہے وہ نکاح شرعاً جائز نہیں ہوا اس لیے کہ وہ شوہر دار عورت ہے اور شوہر دار عورت سے نکاح جائز نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔
(حرام کی گئیں تم پر تمھاری مائیں اور تمھاری بیٹیاں اور تمھاری بہنیں اور تمھاری پھوپھیاں اور تمھاری خالائیں اور بھتیجیاں اور بھانجیاں اور تمھاری وہ مائیں جنھوں نے تمھیں دودھ پلایا ہو اور تمھاری دودھ شریک بہنیں اور تمھاری بیویوں کی مائیں اور تمھاری پالی ہوئی لڑکیاں جو تمھاری گود میں تمھاری ان عورتوں سے ہیں جن سے تم صحبت کر چکے ہو۔ پھر اگر تم نے ان سے صحبت نہ کی ہو تو تم پر کوئی گناہ نہیں اور تمھارے ان بیٹوں کی بیویاں جو تمھاری پشتوں سے ہیں اور یہ کہ تم دو بہنوں کو جمع کرو مگر جو گزر چکا ۔ بے شک اللہ ہمیشہ سے بے حد بخشنے والا نہایت مہربان ہے اور خاوند والی عورتیں (بھی حرام کی گئی ہیں ) مگر وہ (لونڈیاں )جن کے مالک تمھارے دائیں ہاتھ ہوں یہ تم پر اللہ کا لکھا ہوا ہے اور تمھارے لیے حلال کی گئی ہیں جو ان کے سو ہیں کہ اپنے مالوں کے بدلے طلب کرو اس حال میں کہ نکاح میں لانے والے ہو۔ نہ کہ بدکاری کرنے والے ۔ پھر وہ ن سے تم ان عورتوں میں سے فائدہ اٹھاؤ پس انھیں ان کے مہر دو جو مقرر ہوں اور تم پر اس میں کوئی گناہ نہیں جس پر تم مقرر کر لینے کے بعد آپس میں راضی ہو جاؤ بے شک اللہ ہمیشہ سے سب کچھ جاننے والا کمال حکمت والا ہے واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔