السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا فتح مکہ اور حجۃ الوداع کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمامہ باندھا ہوا تھا؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی کئی ایک احادیث صحیحہ میں یہ بات موجود ہے کہ جب آپ نے مکہ فتح کیا تو آپ نے سیاہ عمامہ باندھا ہوا تھا اور اسی حالت میں مکہ داخل ہوئے، جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ والے دن جب مکہ داخل ہوئے تو آپ احرام کے بغیر سیاہ عمامہ باندھے ہوئے تھے۔ (صحیح مسلم کتاب الحج باب دخول مکۃ بغیر احرام 451/1358، سنن ابی داؤد کتاب اللباس باب فی العمائم 4067)
عمرو بن حریث اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر دیکھا آپ پر سیاہ عمامہ تھا اس کا شملہ آپ نے دونوں کندھوں کے درمیان لٹکایا ہوا تھا۔ (صحیح مسلم کتاب الحج باب دخول مکہ بغیر احرام 352/359۔ سنن ابی داؤد کتاب اللباس باب فی العمائم 3077) حجۃ الوداع کے متعلق حدیث فی الحال مجھے معلوم نہیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب