سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(295) عورت کا خوشبو لگا کر باہر نکلنا

  • 22728
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-02
  • مشاہدات : 683

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

عورت کا معطر ہو کر باہر نکلنا کیسا ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اگر اس کو عورتوں کے اجتماع میں شرکت کے لئے جانا ہو اور راستے میں مردوں کے قریب سے گزرنا پڑے تو اس کے لئے خوشبو استعمال کرنا جائز نہیں ہے اور ایسے بازاروں میں جہاں مرد پائے جاتے ہیں معطر ہو کر جانا جائز نہیں ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

"کوئی بھی عورت خوشبو استعمال کر کے ہمارے ساتھ عشاء میں شریک نہ ہو"۔

اس معنی کی اور بھی حدیثیں ہیں۔ ممانعت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عورت کا معطر ہو کر ان راستوں پر چلنا جہاں مرد ہوتے ہیں اور مردوں کے اجتماع میں جانا جیسے مساجد وغیرہ ہیں فتنہ کے اسباب میں سے ایک سبب ہے، اس کے برخلاف پردہ کا اہتمام کرنا اور زیب و زینت کی نمائش سے بچنا عورت پر واجب ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے:

"وہ اپنے گھروں میں ٹھہری رہیں اور پہلی جاہلیت کی طرح زیب و زینت کی نمائش نہ کریں۔" (الاحزاب: 33)

مثلا چہرہ اور سر وغیرہ کی بےپردگی بھی نمائش زیب و زینت میں داخل ہے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

تفہیمِ دین

کتاب الادب،صفحہ:387

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ