سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(282) برہنہ حالت میں کسی کو دیکھنا

  • 22715
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-02
  • مشاہدات : 11243

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا مرد دوسرے مرد کو کپڑے تبدیل کرتے وقت دیکھ سکتا ہے؟ اور عورت بھی عورت کو کپڑے تبدیل کرتے وقت ننگی حالت میں دیکھ سکتی ہے؟ وضاحت فرمائیں۔ (محمد عبداللہ، شرقپور)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

آدمی کو آدمی کی شرمگاہ کی طرف دیکھنا اسی طرح عورت کو عورت کی شرمگاہ کی طرف دیکھنا حرام ہے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

"مرد مرد کی شرمگاہ نہ دیکھے اور نہ ہی عورت عورت کی شرمگاہ دیکھے اور آدمی آدمی کے ساتھ ایک کپڑے میں برہنہ نہ لیٹے اور نہ ہی عورت عورت کے ساتھ ایک کپڑے میں برہنہ لیٹے۔"(صحیح مسلم کتاب الحیض باب تحریم النظر الی العورات 74/338)

اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ مرد و خواتین کے لیے ایک دوسرے کی شرمگاہ کو دیکھنا حرام ہے۔ امام ابن القطان الفاسی رحمۃ اللہ علیہ رقمطراز ہیں۔

مرد کے لیے مردوں کی جنس سے شرمگاہوں کی طرف نظر دوڑانا حلال نہیں یہ بات شک و شبہ سے بالا ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں۔ اس کے بعد اوپر ذکر کردہ حدیث کو بطور استدلال پیش کیا ہے اور اس طرح ص 286 پر عورت کا عورت کی شرمگاہ کی طرف دیکھنے کو حرام قرار دے کر یہی حدیث بطور دلیل ذکر کرتے ہیں۔ مذکورہ بالا حدیث سے واضح ہو گیا کہ مرد حضرات مردوں کی شرمگاہ کو نہیں دیکھ سکتے اسی طرح عورتیں، عورتوں کی شرمگاہ کو نہیں دیکھ سکتیں۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

تفہیمِ دین

کتاب الادب،صفحہ:377

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ